کراچی میں جعلی معذوری ظاہر کر کے بھیک مانگنے والے ایک شخص کو پولیس نے گرفتار کر لیا، جس کی ویڈیو اب سوشل میڈیا پر وائرل ہو چکی ہے۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ کراچی کے علاقے گارڈن میں پیش آیا جہاں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے اس شخص کو اس کے ساتھیوں سمیت گرفتار کیا۔
ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ مذکورہ شخص اپنا جعلی بینڈیج اتارتا ہے اور اس کا مکمل طور پر صحت مند پاؤں سامنے آ جاتا ہے جو اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ معذور نہیں تھا۔
پولیس حکام کے مطابق یہ گروہ پیشہ ور بھکاریوں پر مشتمل تھا جو اسپتالوں، بازاروں اور دیگر عوامی مقامات پر لوگوں سے ہمدردی سمیٹ کر رقم بٹورتا تھا۔
یہ افراد معذوری یا لنگڑاہٹ کا ڈرامہ رچا کر عوام کو دھوکہ دیتے تھے۔ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے تصدیق کی ہے کہ گرفتار افراد شہر کے مختلف علاقوں میں منظم طریقے سے بھیک مانگنے کے نیٹ ورک کا حصہ تھے اور ان کے خلاف باقاعدہ مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ کراچی میں منظم بھکاری گروہوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں جاری رہیں گی۔
اس واقعے کے پس منظر میں وزارت داخلہ کی جانب سے قومی اسمبلی کو پیش کیے گئے ایک تحریری جواب میں بتایا گیا کہ سال 2024 سے لے کر اب تک دنیا کے مختلف ممالک سے 5402 پاکستانی بھکاریوں کو ملک بدر کیا جا چکا ہے۔
وزارت کے مطابق سب سے زیادہ 4498 پاکستانی بھکاری سعودی عرب سے ڈی پورٹ کیے گئے جبکہ 242 عراق، 55 ملائیشیا، 49 متحدہ عرب امارات اور دیگر تعداد قطر و عمان سے واپس بھجوائی گئی۔
سال 2025 کے آغاز سے اب تک مزید 552 پاکستانی بھکاری بیرون ملک سے واپس آئے جن میں 535 صرف سعودی عرب سے اور 9 متحدہ عرب امارات سے بھیجے گئے جبکہ 5 کو عراق سے ملک بدر کیا گیا۔
وزارت داخلہ کے مطابق یہ تمام افراد غیر قانونی یا غیر اخلاقی سرگرمیوں میں ملوث تھے جن کی بنیاد پر انہیں متعلقہ ممالک نے ڈی پورٹ کیا۔