کراچی میں ہیٹ ویو کا زور ختم، سمندری ہوائیں بحال ، آج درجہ حرارت کتنا؟

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

Karachi Heatwave Eases as Sea Breeze Returns
DAWN NEWS

کراچی: شہر قائد میں پچھلے کئی دنوں سے جاری شدید گرمی اور ہیٹ ویو کا زور اب کم ہو چکا ہے، سمندری ہوائیں بحال ہو گئی ہیں جو درجہ حرارت میں کمی لانے کا سبب بن رہی ہیں۔

آج جمعرات کو کراچی میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 36 سے 38 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچنے کا امکان ہے تاہم شدید نمی کی وجہ سے گرمی کی شدت 39 سے 42 ڈگری محسوس کی جائے گی۔

ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ شہر میں اس وقت جنوب مغرب کی جانب سے 15 سے 20 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جو شام اور رات کے وقت بڑھ کر 30 سے 36 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ سکتی ہیں۔ ان ہواؤں کی بحالی سے شہریوں کو جزوی راحت ملی ہے۔

محکمہ موسمیات نے تصدیق کی ہے کہ کراچی میں موجودہ ہیٹ ویو کا خاتمہ ہو چکا ہے تاہم درجہ حرارت اور ہوا میں نمی کی بلند شرح شہریوں کے لیے اب بھی خطرناک ہو سکتی ہے۔ نمی کی سطح اس وقت 50 سے 80 فیصد کے درمیان ہے، جس سے جسم کو درجہ حرارت زیادہ محسوس ہوتا ہے۔

ماہرین صحت نے شہریوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ دن کے اوقات میں غیر ضروری طور پر باہر نہ نکلیں، دھوپ سے بچاؤ کے لیے سر کو ڈھانپیں اور پانی کا زیادہ استعمال کریں۔ ہیٹ اسٹروک اور ڈی ہائیڈریشن سے بچنے کے لیے لیموں پانی، او آر ایس، اور ہلکی غذاؤں کا استعمال مفید ہے۔

چونکہ درجہ حرارت محسوس شدہ سطح پر 42 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے، والدین اور اسکول انتظامیہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ بچوں کو ٹھنڈے اور ہوا دار ماحول میں رکھیں۔ دفاتر میں کام کرنے والے افراد کے لیے بھی ہائیڈریشن کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

شہریوں کی جانب سے سمندری ہواؤں کی واپسی پر سکھ کا سانس لیا گیا ہے۔ دوسری جانب بعض علاقوں میں اب بھی لوڈ شیڈنگ کی شکایات سامنے آ رہی ہیں جس نے گرمی کی شدت کو مزید بڑھا دیا ہے۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے کہ کے الیکٹرک فوری اقدامات کرے تاکہ عوام کو مزید اذیت سے بچایا جا سکے۔

Related Posts