کراچی کے علاقے راشد منہاس روڈ کے قریب تیز رفتاری سے آنے والا ایک بھاری ڈمپر ایک کار پر الٹ گیا جس سے کار مکمل طور پر تباہ ہوگئی۔ افسوسناک حادثے کے نتیجے میں ایک ماں اور اس کی بیٹی موقع پر ہی جاں بحق ہو گئیں جبکہ دوسری بیٹی شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کی گئی۔
المناک حادثہ ڈرگ روڈ کے قریب پیش آیا، جہاں ایک خاتون اور ایک بچی موقع پر ہی دم توڑ گئیں جبکہ ایک اور لڑکی کو انتہائی تشویشناک حالت میں اسپتال پہنچایا گیا۔
ریسکیو ذرائع کے مطابق ڈمپر کے نیچے دبنے سے کار مکمل طور پر کچلی گئی اور متاثرین گاڑی کے اندر پھنس گئے تھے۔
حادثے کے فوراً بعد جائے وقوعہ پر بھاری کرین اور لفٹر طلب کیے گئے جن کی مدد سے ڈمپر کو ہٹایا گیا اور لاشوں سمیت زخمیوں کو گاڑی سے نکالا گیا۔ ریسکیو ٹیموں نے فوری طور پر امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
بدقسمتی سے کراچی میں تیز رفتار ڈمپرز کی وجہ سے پیش آنے والے حادثات کوئی نئی بات نہیں۔
ماضی میں بھی تیز رفتاری سے دوڑتے ہوئے ڈمپرز نے متعدد شہریوں کی جانیں لی ہیں۔ شہریوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ایسے حادثات کی روک تھام کے لیے مؤثر قانون سازی کی جائے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل بھی کراچی میں ایسے کئی واقعات پیش آ چکے ہیں، جن میں ڈمپر حادثات کے بعد عوامی غصے کے نتیجے میں بھاری گاڑیوں کو آگ لگا دی گئی۔
ان خوفناک حادثات سے متاثرہ خاندان شدید صدمے سے دوچار ہوتے ہیں، اور اگر گھر کا سربراہ جاں بحق ہو جائے تو پورا خاندانی نظام بکھر جاتا ہے۔