کراچی: گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک کے وزیر اعظم بنیں گے جبکہ عمران خان کو دُگنی سزا ہونی چاہئے تھی۔ ہم ان کے اتحادی تھے، ہم سے غلطی ہوئی۔
تفصیلات کے مطابق گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے نجی ٹی وی پروگرام کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آرمی چیف نے معیشت درست کرنے کا کہا تو ڈالر 20 روپے نیچے آگیا اور مزید نیچے آئے گا۔
انتخابات میں ن لیگ اور الیکشن کمیشن رکاوٹ ہیں۔خورشید شاہ
گفتگو کے دوران گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا کہ فوج معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات اٹھا رہی ہے۔ کوئی بھی مسئلہ ہو، فوج کی طرف دیکھا جاتا ہے۔ آرمی چیف کو معیشت کی بحالی کا بیڑہ اٹھانے کا کریڈٹ دینا ہوگا۔
گورنر کامران ٹیسوری نے کہا کہ پاکستان کے پاس سب کچھ ہے، مینجمنٹ نہیں اور ہم بدعنوانی کی طرف چلے گئے۔ اپنا مذاق خود اڑا رہے ہیں۔ ایک دوسرے کو دھوکا دینے والے خود کو دھوکا دیتے ہیں۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ مڈل کلاس طبقہ پریشان ہے، غریب تباہ ہوگیا جبکہ موجودہ حالات کی ذمہ داری ہم سب پر عائد ہوتی ہے۔ گزشتہ 30سال سے حکومت میں رہنے والے تمام لوگ ان حالات کے ذمہ دار ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عوام نواز شریف کو پاکستان میں لانا چاہتے ہیں۔ میرے خیال میں نواز ریف وزیر اعظم بنیں گے۔ عمران خان کو دو گنا سزا ملنی چاہئے تھی۔ ہم حکومت میں نہیں تھے، ہم سے پی ٹی آئی کا ساتھ دے کر غلطی ہوئی۔