بھارتی ڈرامہ سیریل کہانی گھر گھر کی میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی سینئر فنکارہ رجیتا کوچھر گردے فیل ہوجانے کے باعث انتقال کر گئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بھارتی ڈرامہ انڈسٹری کی 70 سالہ رجیتا کوچھر ممبئی میں 23 دسمبر کے روز دل کا دورہ پڑنے اور گردے فیل ہوجانے کے باعث انتقال کر گئیں۔ سینئر اداکارہ کی بھانجی نے انتقال کی تصدیق کردی۔
بھارتی اداکارہ تُنیشا شرما نے خودکشی کرلی
سینئر اداکارہ رجیتا کوچھر طبیعت خراب ہوجانے کے باعث نجی ہسپتال میں زیرِ علاج رہیں۔ بھارتی میڈیا کا کہنا ہے کہ رجیتا کوچھر کوشوگر لیول شوٹ کر جانے کے باعث دل کا دورہ پڑ گیا۔ گردوں نے بھی کام کرنا چھوڑدیا۔
کچھ روز تک ہسپتال میں زیرِ علاج رہنے کے بعد اداکارہ رجیتا کوچھر جان کی بازی ہار گئیں۔ ڈرامہ سیریل کہانی گھر گھر کی کے علاوہ انہوں نے رات ہونے کو ہے، راکھی اور حاتم جیسے ٹی وی سیریلز میں بھی کام کرکے شہرت حاصل کی۔
خیال رہے کہ اس سے قبل بالی ووڈ فلم فتور میں اداکاری کے جوہر دکھانے والی بھارتی اداکارہ تُنیشا شرما نے ایک ٹی وی شو کے سیٹ پر اپنی زندگی کا خاتمہ کرلیا۔
بھارتی میڈیا کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ہفتے کو اداکارہ تنیشا شرما نے ایک ٹی وی شو کے سیٹ پر خود کشی کی، انہیں ریاست مہاراشٹرا کے اسپتال فوری طور پر منتقل کیا گیا تاہم اس سے قبل ہی وہ موت کی وادی میں جاچکی تھیں۔