اسلام آباد: کورونا میں مبتلا سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی طبیعت بہتری کی جانب گامزن ہے جس کے بعد معزز سپریم کورٹ جج نے پاکستانی قوم کا شکریہ ادا کیا۔
تفصیلات کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے کورونا وائرس ٹیسٹ کا نتیجہ مثبت آیا تھا جس کے بعد انہوں نے خود کو قرنطینہ کر لیا۔ سپریم کورٹ کے سینئر جج نے دعاؤں اور نیک تمناؤں پر پوری قوم کا شکریہ ادا کیا ہے۔
کورونا کی روک تھام کیلئے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ ایس او پیز پر ضرور عمل کریں، سماجی فاصلے کا خیال رکھیں اور ماسک پہنیں تاکہ وائرس سے محفوظ رہ سکیں جبکہ ویکسین لگوانے کے باوجود مجھے ہسپتال داخل ہونا پڑا۔
سپریم کورٹ کے سینئر جج نے کہا کہ ملک بھر کے ماہرینِ صحت اور علمائے کرام کو چاہئے کہ عوام الناس کو کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے احتیاطی تدابیر سے آگاہی فراہم کریں تاکہ وائرس کا جلد خاتمہ ممکن ہوسکے۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل ڈاکٹرز کی ہدایت پر کورونا کی ڈیلٹا قسم سے متاثرہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اہل خانہ نے نجی اسپتال منتقل کردیا جہاں ان کی حالت تشویشناک رہی۔
ڈیلٹا ویریئنٹ سے متاثر ہونے والے سپریم کورٹ کے جج جسٹس قاضی فائزعیسیٰ کا 30 جولائی کو سٹی اسکین کیا گیا، جس کی رپورٹ کو ڈاکٹرز نے غیر تسلی بخش قرار دے دیا۔
مزید پڑھیں: کورونا وائرس سے متاثرہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کو اسپتال منتقل کردیا گیا
گزشتہ ماہ جولائی کے دوران سپریم کورٹ آف پاکستان کے سینئر جج جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اپنی اہلیہ سرینا عیسیٰ سمیت کورونا وائرس میں مبتلا ہو گئے۔
سپریم کورٹ کے 24 جولائی کو جاری کردہ اعلامیے کے مطابق جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اہلیہ سرینا عیسیٰ کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا جس کے بعد دونوں نے خود کو گھر میں قرنطینہ کرلیا۔
مزید پڑھیں: جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور اہلیہ کورونا میں مبتلا، گھر میں قرنطینہ کرلیا