آج رمضان المبارک کا آخری جمعہ ہے جسے جمعۃ الوداع کہا جاتا ہے۔ اس بابرکت دن کو دنیا بھر کے مسلمان خصوصی عبادات، دعا اور اجتماعی اجتماعات کے ساتھ مناتے ہیں۔
پاکستان میں بھی مساجد میں نماز جمعہ کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں جبکہ سیکورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے۔
جمعۃ الوداع اسلامی تاریخ کا ایک اہم دن ہے جو رمضان کے مقدس مہینے کے اختتام کا پیغام دیتا ہے۔ یہ دن روحانی برکات اور عبادات کی قبولیت کا خاص موقع سمجھا جاتا ہے۔
مسلمانوں کے لیے یہ ایک یادگار دن ہوتا ہے جس میں وہ اللہ تعالیٰ سے اپنے گناہوں کی معافی، رحمت اور برکت کے طلب گار ہوتے ہیں۔
آج کے دن کو فلسطین کی جدوجہد آزادی کے ساتھ بھی منسلک کیا جاتا ہے۔ دنیا بھر کے مسلمان مسجد اقصیٰ کی آزادی کے لیے “یوم القدس” کے طور پر بھی مناتے ہیں، جس کا مقصد بیت المقدس کی آزادی کے لیے یکجہتی کا اظہار اور فلسطینی عوام کے حق میں آواز بلند کرنا ہے۔
بیت المقدس تمام آسمانی مذاہب کے لیے مقدس مقام ہے اور مسلمانوں کا قبلہ اوّل بھی ہے۔ قرآن پاک میں بھی اس مبارک جگہ کا ذکر کیا گیا ہے۔ اس سرزمین کو انبیاء کی سرزمین کہا جاتا ہے ۔
آج کے دن مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ عبادات کے ساتھ ساتھ مسجد اقصیٰ کی آزادی اور امت مسلمہ کی سربلندی کے لیے بھی خصوصی دعائیں کریں۔