آزادی مارچ: مولانافضل الرحمان کاکل سے پلان بی شروع کرنے کااعلان

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

maulana fazlur rehman
آزادی مارچ: مولانافضل الرحمان کاکل سے پلان بی شروع کرنے کااعلان

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نےکل سے آزادی مارچ کے پلان بی پرعملدرآمدکااعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ کارکن اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئےہیں ، پلان اےکے ہوتے ہوئے پلان بی کی طرف جائیں گے۔

اسلام آباد میں آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ لوگ سمجھ رہے تھے کہ 2018ء کے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی بڑی منظم ہوئی اور کوئی چاہے نہ چاہے اسے تسلیم کرنا پڑے گا، لیکن ہمارے کارکنان کی جرأت نے ان کے اس گھمنڈ کو توڑ دیا۔

مولانا فضل الرحمان نےکہا کہ آپ کو پورے وثوق اور اعتماد کے ساتھ یہ بتانا چاہتا ہوں کہ آپ اپنے مقصد کے حصول کے قریب پہنچ گئے ہیں، ہمارا بیانیہ اور دعویٰ ایسا غالب ہوا ہے کہ کوئی مائی کا لعل انتخابات کو صاف الیکشن ماننے کو تیار نہیں ، ہمارے بیانیے کو پوری قوم کی تائید حاصل ہوگئی اور ان کے بیانیے کو شکست ملی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کہ ایچ 9 گراؤنڈ پر موجود اجتماع آزادی مارچ کا پلان ’اے‘ ہے اور اس پلان پر عمل پیرا رہتے ہوئے ہم پلان ’بی‘ کی طرف جائیں گے، پلان بی کی تفصیلات صوبائی امراء آپ کو دے دیں گے لیکن جب تک اس کا باضابطہ اعلان نہ ہو آپ نے یہاں سے ہلنا نہیں ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ‘پلان بی کی تفصیل صوبائیں جماعتیں دیں گی، کل سے ہم اس کو شروع کریں گے لیکن کل تک ہم نے اپنی جگہ سے ہلنا نہیں ہے اور اپنی جگہ پر برقرار رہتے ہوئے ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونا ہے، ہم نے گھروں میں نہیں جانا، گاؤں نہیں جانا، ہم نے میدان میں رہنا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: جے یو آئی کا کراچی میں بھی 13 مقامات پر دھرنے دینے کا منصوبہ

سربراہ جمیعت علمائے اسلام ف کاکہناتھا کہ مارچ کے شرکا کی وساطت سے ان کارکنوں کو ہدایت دینا چاہتا ہوں جو گھروں میں ہیں کہ اپنے گھروں سے نکل آئیں اور یہاں موجود لوگ ان کی مدد کو پہنچیں، حکمران انتظار کر رہے ہیں کب انہیں گریبانوں سے پکڑ کر ایوانوں سے باہرنکالا جائے۔

سربراہ جے یو آئی نے کہا کہ ناجائز حکومت بنا کر جمہورت اور آئین پر وار کیا گیا، پاکستان میں آئین کی بالادستی ختم ہوگئی، مہنگائی نےغریب آدمی کی زندگی اجیرن کردی ہے اور مشیرخزانہ کہتے ہیں کہ ٹماٹر 17 روپے کلو ہیں، وہ بتائیں 17 روپیہ کلو ٹماٹر کس منڈی میں فروخت ہو رہا ہے؟۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ہمیں سیاسی میدان میں فتح حاصل ہوچکی ہے، کارکنان کی جرأت نے حکومت کا دبدبہ اور رٹ ختم کردیا ہے، ہمیں اپنی کامیابیوں کا دائرہ کار اور بڑھاناہے،، لیکن کارکنان نے قانون و آئین کو ہاتھ میں نہیں لینا، تصادم سے خود کو بچانا ہے اور پرامن رہنا ہے۔

Related Posts