کراچی: پاکستان رینجرز (سندھ) اور پولیس نے انٹیلی جنس معلومات کی بنیاد پر مشترکہ کارروائی کرتے ہوئے کراچی کے علاقے بلدیہ ٹاؤن سے ڈکیتی اور اسٹریٹ کرائم کی متعدد وارداتوں میں ملوث 3 ملزمان نور محمد (سرغنہ)، حماد احمد اور محمد اسد کو گرفتار کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق ملزمان نے کراچی کے مختلف علاقوں اورنگی ٹاؤن، سائیٹ ٹاؤن اور بلدیہ ٹاؤن سے ڈکیتی کی 200 سے زائد وارداتوں کے دوران 18 عدد موٹر سائیکل، 15 لاکھ روپے نقدی اور 300 سے زائد موبائل فونز چھیننے کا انکشاف کیا ہے۔ ملزمان نے چھینے ہوئے موبائل فونز کے آئی ای ایم آئی نمبرز تبدیل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔
پولیس کے مطابق ملزمان 19 مئی 2023 کو مدینہ کالونی بلدیہ ٹاؤن سے گلزار حسین نامی شہری کو گولی مار کر زخمی کرنے کے بعد اُس سے ڈھائی لاکھ روپے نقدی اور 2 عدد موبائل فونز چھین کر فرار ہوگئے تھے۔
اس دہائی کے سب سے مطلوب دہشتگرد ثناء اللہ غفاری کی افغانستان میں پراسرار ہلاکت
ملزمان کے خلاف تھانہ پیر آباد اور مدینہ کالونی میں ایف آئی آرز بھی درج ہیں۔ملزمان کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جارہے ہیں۔
گرفتار ملزمان کو بمعہ اسلحہ، ایمونیشن اور مسروقہ سامان مزید قانونی کارروائی کے لیے پولیس کے حوالے کردیا گیا ہے۔