سانحہ 9 مئی کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی نے سابق وزیر اعظم عمران خان کو عسکری ٹاور کیس میں شاملِ تفتیش کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق جے آئی ٹی اراکین اٹک جا کر چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کا بیان قلمبند کریں گے جس کیلئے عدالت سے اجازت حاصل کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا۔ ایس ایس پی انوسٹی گیشن لاہور عسکری ٹاور کیس کی جے آئی ٹی کے سربراہ ہیں۔
عمران خان کی بغاوت، تحریکِ انصاف پر پابندی لگ جائے گی۔پرویز خٹک
جے آئی ٹی ممبران بشمول سربراہ جے آئی ٹی ڈاکٹر انوش مسعود چوہدری عمران خان سے تفتیش کیلئے اٹک جیل میں سوال و جواب کریں گے۔ اٹک جیل میں پہلے ہی ایک جے آئی ٹی 9 مئی کے واقعات پر عمران خان سے تفتیش کر چکی ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان جے آئی ٹی اراکین کے سوالوں کے جواب دے چکے ہیں۔ چیئرمین پی ٹی آئی سے تفتیش کیلئے حکومت متعدد جے آئی ٹیز تشکیل دے چکی ہے جبکہ تھانہ سرور روڈ کیس کی جے آئی ٹی کی سربراہی عمران کشور کر رہے ہیں۔
خیال رہے کہ اس سے قبل نوزائیدہ سیاسی جماعت پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ و سابق وزیرِ دفاع پرویز خٹک نے کہا کہ عمران خان نے بغاوت کرائی ہے، اس لیے تحریکِ انصاف پر پابندی لگ سکتی ہے۔
پی ٹی آئی پارلیمنٹیرینز کے سربراہ پرویز خٹک نے 2روز قبل اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران خان فوج کے خلاف بغاوت کرانا چاہتے تھے، سابق آرمی چیف جنرل (ر) قمر جاوید باجوہ نے ہمارا بہت ساتھ دیا۔