اسلام آباد:جماعت اسلامی کی جانب سے ملک میں بڑھتی ہوئی بدترین مہنگائی کیخلاف یوتھ مارچ کرتے ہوئے ڈی چوک پر دھرنا دے دیا گیا۔
جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق کی سربراہی میں مہنگائی کے خلاف مارچ اسلام آباد پہنچا،کارکنوں نے ڈی چوک میں لگی خاردارتاریں اور رکاوٹیں ہٹا دیں اور دھرنا دے دیا۔
موجودہ صورتحال سے نمٹنے کیلئے ڈی چوک پرپولیس کی بھاری نفری تعینات کردی گئی ہے جبکہ مظاہرین نے پارلیمنٹ ہاؤس جانے کی کوشش کی۔جسے پولیس نے ناکام بنادیا۔
ڈی چوک پر کارکنوں سے خطاب میں امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا تھا کہ جماعت اسلامی ملک کو کرپشن فری بناسکتی ہے،جماعت اسلامی ووٹ سے ملک میں انقلاب لائیگی۔
انہوں نے کہا کہ آپ نے کشمیر کیساتھ غداری کی،اس وقت ایک نہیں دو پاکستان ہیں جبکہ حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے عوام مشکل میں ہیں۔نااہل حکمرانوں نے ملک کو مہنگائی،بیروزگاری کا تحفہ دیا،نوجوانوں نے ثابت کردیا کہ وہ ملک کی اصل قوت ہیں۔
انہوں نے کہا کہ حکومت نے جادوئی مشین لانے کا فیصلہ کیا ہے، ای وی ایم پر الیکشن کمیشن نے تحفظات کا اظہار کیا ہے جبکہ یہ جادوئی مشین عوام پر مسلط کرنا چاہتے ہیں۔
امیر جماعت اسلامی نے کہنا تھا کہ اگلے لائحہ عمل کا اعلان ڈی چوک پر کیا جائے گا، ہم انہیں وارننگ دینے آئے ہیں، انہیں بتانے آئے ہیں کہ ملک چلانا آپ کے بس کی بات نہیں، ہم دھاندلی نہیں شفاف الیکشن اور ملک میں حقیقی جمہوری نظام چاہتے ہیں۔
قبل ازیں جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا تھا کہ تبدیلی سرکار ملک کو 30سال پیچھے لے گئی ہے، پارلیمنٹ میں بیٹھے لوگ صرف اپنی ذات کا سوچتے ہیں، انہیں عوام کے مصائب کا اندازہ نہیں۔
انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں اوورسیز پاکستانیوں کی نمائندگی ہونی چاہیئے،حکومت نے پہلے نوجوانوں سے ہاتھ کیا اب اوورسیز پاکستانیوں کو دھوکا دینا چاہتے ہیں،کرپشن فری پاکستان صرف جماعت اسلامی بناسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: معیشت چلانا بڑا چیلنج، مسلط حکمرانوں کی کوئی حیثیت نہیں۔فضل الرحمان