اسلام آباد: وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے اپنے خلاف درج مقدمات خارج کرنے کی درخواست ہائیکورٹ میں دائر کردی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ن لیگی رہنما جاوید لطیف کی جانب سے درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ میں جمع کرائی گئی۔ میاں جاوید لطیف نے عدالت سے درخواست میں استدعا کی کہ مختلف شہروں میں دائر مقدمات کالعدم قرار دئیے جائیں۔
تحریکِ انصاف کے مزید اراکین استعفوں سے منحرف ہو گئے
قبل ازیں ستمبر کے دوران میاں جاوید لطیف کے خلاف لاہور کے تھانہ گرین ٹاؤن میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں انسدادِ دہشت گردی ایکٹ کی دفعات شامل تھیں۔ الزام عائد کیا گیا کہ جاوید لطیف نے عمران خان کے خلاف غلط بیانی کی۔
مقدمے کے متن میں الزام عائد کرتے ہوئے کہا گیا کہ میاں جاوید لطیف نے عمران خان کے خلاف اشتعال انگیزی کی۔ ن لیگی رہنما کا کہنا ہے کہ اگر میں نے ٹی وی پر غلط بیانی کی تو اس پر ایکشن لینے کا اختیار صرف پیمرا کو ہے۔
ن لیگی رہنما جاوید لطیف کا اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر درخواست میں کہنا ہے کہ دیگر سیاسی رہنماؤں پر تنقید کرنے سے فوجداری مقدمات نہیں بنائے جاسکتے جبکہ میں نے عمران خان کے متعلق حقائق ریکارڈ پر لانے کیلئے پریس کانفرنس کی۔