اسلام آباد :نیب نے التمش میڈیکل سوسائٹی کے خلاف انوسٹی گیشن ،سابق قائم مقام آئی جی پی سندھ کے خلاف انکوائری میں مزیدجائزہ کا فیصلہ کرتے ہوئے اجلاس میں کے ڈی اے حکومت سندھ کے افسران کے خلاف انکوائری سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بند کرنے کی منظوری دیدی ۔
قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس قومی احتساب بیورو کے چیئرمین جسٹس (ر)جاوید اقبال کی زیرصدارت نیب ہیڈکوارٹر ز اسلام آبادمیں منعقد ہوا ۔اجلاس میںڈپٹی چیئرمین نیب ، پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹبلٹی نیب ،ڈی جی آپریشن نیب اور دیگر سینئر افسران نے شرکت کی۔
ترجمان کے مطابق نیب کی یہ دیرینہ پالیسی ہے کہ قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کے بارے میں تفصیلات عوام کو فراہم کی جائیں جو طریقہ گزشتہ کئی سالوں سے رائج ہے جس کا مقصد کسی کی دل آزاری مقصود نہیں ۔ تمام انکوائریاں اورانویسٹی گیشنز مبینہ الزامات کی بنیاد پر شروع کی گئی ہیں جوکہ حتمی نہیں۔ نیب قانو ن کے مطابق تمام متعلقہ افراد سے بھی ان کا موقف معلوم کر نے کے بعد مزید کارروائی کرنے یا نہ کرنے کا فیصلہ کرتا ہے۔
مزید پڑھیں : سرکاری زمینوں پر قبضہ کرنے والا اہم ملزم نیب کے ہاتھوں گرفتار
قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں التمش میڈیکل سوسائٹی کے مالکان/ڈائریکٹرز اور دیگر کے خلاف انوسٹی گیشن اور غلام شبیر شیخ سابق قائم مقام آئی جی پی سندھ اور دیگر کے خلاف انکوائری میں اختیارات کے ناجائز استعمال اور دیگر قانونی پہلوئوں کا مزیدجائزہ لینے کا فیصلہ کیا گیا۔قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں کے ڈی اے حکومت سندھ کے افسران واہلکاران کے خلاف انکوائری معزز سپریم کورٹ کے احکامات کی روشنی میں بند کرنے کی منظوری دی گئی۔
قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس میں ڈاکٹر احمد ندیم اکبرسابق رجسٹرار پی ایم ڈی سی ،عمران تاج جنرل منیجر نیسپاک ،آفتاب احمد ایسو سی ایٹ انجینئر ، نیسپاک ،فواد بٹ پراپرائٹر آف میسرز کنسٹرکشن ایکسپرٹس اور دیگر،ولی محمد نائچ سابق سپرنٹنڈنگ انجینئر خیر پور آبپاشی سرکل سکھر اور دیگر،ڈاکٹر پروین نعیم شاہ وائس چانسلر شاہ عبد الطیف یونیورسٹی خیر پور اور دیگر ،،منظور احمد ملک سابق شیٹ کلرک ایس ایس پی آفس جیکب آباد اور دیگرکے خلاف انوسٹی گیشنز جبکہ بورڈ آف ریونیو کے افسران واہلکاران،ڈیفنس ہائوسنگ سوسائٹی کراچی،پورٹ قاسم اتھارٹی،کراچی پورٹ ٹرسٹ اور دیگر اورسعید احمد جاکھرانی سابق ڈائریکٹر نارا کنال(سیڈا) میرپور خاص ،محکمہ آبپاشی نصرات ڈویژن کے افسران و اہلکاران ،ا وردیگر کے خلاف انکوائریاں اب تک عدم شواہد کی بنیاد پرقانون کے مطابق بند کرنے کی منظوری دی۔
چیئرمین نیب جسٹس جاوید اقبال نے کہا کہ ملک سے بدعنوانی کے خاتمہ اور بدعنوان عناصر سے لوٹی گئی رقوم برآمد کرنے کے ساتھ ساتھ میگا کرپشن کے مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانا نیب کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ نیب نے احتساب سب کیلئے کی پالیسی کے تحت گزشتہ 23 ماہ میں 71 ارب روپے بلواسطہ اور بلا واسطہ طور پر بدعنوان عناصر سے برآمد کرکے قومی خزانے میں جمع کروائے۔
یہ بھی پڑھیں : ایم کیو ایم کے مفرور رہنما بابر خان غوری کیخلاف نیب کا گھیرا مزید تنگ