اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاہے کہ شیخ رشید جیسے شخص کے ساتھ کام کر نا خوش قسمتی ہے،شیخ صاحب میرے ساتھ کھڑے ہوئے جسے کبھی نہیں بھول سکتا،شیخ رشید کی کتاب دلکش اور دلچسپ ہوگی۔
وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید کی تصنیف ”لال حویلی سے اقوام متحدہ تک سیاست کے پچاس سال“کی تقریب رونمائی مقامی ہوٹل میں ہوئی جس میں وفاقی وزرا،ڈپلومیٹس، سینئر صحافیوں اور دیگر افراد نے شرکت کی۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر اسد عمر نے کہاکہ ہماری سیاست میں ہزاروں افراد موجود ہیں،کسی بھی شخص کے بارے میں یہ کہنا کہ وہ منفرد ہوگا مشکل ہوتا ہے،یہ بات شیخ رشید کے بارے میں کہی جاسکتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شیخ صاحب کی سیاست پر نظر ہے، ہم بھی سیکھتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ کابینہ میں آنے کے بعد ہم نے شیخ رشید صاحب کو غور سے دیکھا،شیخ رشید صاحب اپنے حلقے کی بہتری کا کوئی موقع نہیں چھوڑتے۔
وزیر داخلہ بننے کے بعد شیخ صاحب کی اپنے پروفیشنل کام پر بھی گرفت ہوئی،کابینہ میں سے افراد کی فہرست بنائی جائے جو اپنے پروفیشن پر گرپ رکھتے ہیں شیخ صاحب ان میں سے ایک ہیں۔
انہوں نے کہا کہ خوش قسمتی ہے کہ آپ جیسے شخص کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا،میں بھول نہیں سکتا جس طرح شیخ صاحب میرے ساتھ کھڑے ہوئے،جس طرح عوام کی نبض کے اوپر آپ کا ہاتھ ہے اس سے ہمیں کابینہ میں فیصلوں میں آسانی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہاکہ شیخ رشید کی کتاب دلکش اور دلچسپ ہوگی،ہماری سیاست ارب پتی لوگ آتے ہیں،ایسے معاشرے میں مڈل کلاس آدمی کا آنا عام بات نہیں۔
مزید پڑھیں: کشمیر کے بغیر پاکستان اور پاکستان کشمیر کے بغیر نا مکمل ہے،محمد سرور