راولپنڈی: پاکستان نے ابابیل ویپن سسٹم کا کامیاب تجربہ کیا ہے، پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) نے بیان جاری کردیا۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان نے ابابیل ویپن سسٹم کا تجربہ کیا جو کامیاب رہا۔ آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ میزائل سسٹم دفاعی اور اسٹرٹیجک صلاحیتوں کا اہم عنصر سمجھا جاتا ہے۔ ویپن سسٹم کے تجربے کی کامیابی کا مختلف زاویوں سے تجزیہ بھی کیا گیا۔
آرمی چیف کی زیر صدارت کور کمانڈرز کانفرنس، فلسطین میں جانی نقصان پر اظہارِ تشویش
پاک فوج کے شعبۂ تعلقاتِ عامہ کا کہنا ہے کہ تجربے میں مختلف تکنیکی پیرامیٹرز، ڈیزائن اور کارکردگی پرکھی گئی اور سسٹم کے مختلف ذیلی پہلوؤں کا بھی معائنہ کیا گیا۔ تجربے کا مقصد کم از کم دفاعی صلاحیت کے حصول کو یقینی بنانا تھا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ساحر شمشاد مرزا نے ابابیل ویپن سسٹم کے تجربے کا مشاہدہ کیا۔ دیگر اعلیٰ فوجی قیادت، انجینئرز اور سائنسدان بھی اس موقعے پر موجود تھے۔
چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی نے ابابیل ویپن سسٹم کے کامیاب تجربے پر آرمی کے انجینئرز اور سائنسدانوں کو مبارکباد دی جبکہ صدرِ مملکت اور نگران وزیر اعظم نے بھی پاک فوج کو مبارکباد پیش کی۔