اسلام آباد پولیس ہوائی فائرنگ کرتی رہ گئی، ملزم سرکاری ڈبل کیبن گاڑی سے چھلانگ لگا کر پیدل فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق یہ سبق آموز واقعہ تھانہ کورال کی حدود میں پیش آیا جہاں منگل کی صبح 6 جولائی کے روز 7 بجے کے قریب کورال بھٹہ روڈ پر گلی نمبر 12 میں ملزم فرار ہوگیا۔
تھانہ کورال پولیس نے ایک مشکوک شخص کو موٹر سائیکل سمیت پکڑ کر پوچھ گچھ کے بعد ملزم کو موٹر سائیکل سمیت گاڑی میں ڈال کر تھانے منتقل کرنے کی کوشش کی جو ناکام ہوگئی۔
تھانے منتقلی کیلئے لے جاتے ہوئے گلی نمبر12 کے قریب پہنچتے ہی ملزم نے اچانک پولیس کی سرکاری موبائل وین سے چھلانگ لگا دی اور گلی نمبر 12 کی طرف بھاگ نکلا۔
پولیس اہلکاروں نے ملزم کو روکنے کیلئے وارننگ دینے کے ساتھ ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی اور دوڑتے ہوئے ملزم کا پیچھا کیا تاہم ملزم موقعے سے فرار ہونے میں کامیاب رہا۔
خیال رہے کہ اِس سے قبل تھانہ کراچی کمپنی کے علاقہ جی 8 مرکز راوی روڈ سگنل پر مسلح ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکو کار سوار شہری کو زخمی کرکے نوٹوں سے بھرا بریف کیس چھین کر فرارہوگئے۔
یہ واقعہ گزشتہ ماہ 25 جون 2021ء کو دن کے وقت پیش آیا،بریف کیس میں 1 کروڑ 31 لاکھ روپے کی رقم موجود تھی، تھانہ کراچی کمپنی پولیس نے واقعے کا مقدمہ درج کرلیا۔
مزید پڑھیں: اسلام آبادمیں ڈاکو شہری کو گولی مارکر نوٹوں سے بھرا بیگ لیکر فرار