اسلام آباد :میئر اسلام آباد شیخ انصر عزیز نے ریفرنڈم قریب آتے ہی اپنی پسندیدہ یوسیز کے چیئرمینوں پر نوازشات کا سلسلہ شروع کر دیا ۔پانی کے غیر قانونی کنکشن بانٹ کر الیکشن میں ووٹ حاصل کرنیکی راہ ہموار کرلی۔
پاکستان مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے میئر شیخ انصر عزیز نے راول ڈیم سے اسلام آباد کو پانی کی سپلائی کرنے والی مین پائپ لائن پر اپنے ہم خیال یوسیز کے چیئرمینوں کو پانی کے غیر قانونی کنکشن کی اجازت دیدی۔
اسلام آباد میں پانی کی شدید قلت کے باوجود راول ڈیم کی قریبی آبادیوں سمیت مارگلہ ٹاؤن ،راول ٹاؤن ، شہزاد ٹاؤن اور بنی گالہ کے علاقوں میں پانی کے غیر قانونی کنکشن لگائے گئے ہیں ۔
آنے والے ریفرنڈم کی تیاریوں کے سلسلے میں پانی کے غیر قانونی کنکشن دینے کا مقصد دوبارہ کامیابی کے لیے ووٹ لینا ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ میئر میٹرو پولیٹن کارپوریشن شیخ انصر عزیز ہر وہ کام کر رہے ہیں جو قانون سے متصادم ہے۔
گزشتہ دنوں واٹر بورڈ کے اجلاس کے دوران بھی میئر میٹروپولیٹن کارپوریشن شیخ انصر عزیز ماتحتوں پر چیختے چلاتے رہے اور اجلاس بے نتیجہ ہی ختم ہو گیا جبکہ اجلاس میں شہر اقتدار کو پانی کی فراہمی کے متعلق اقدامات کرنے پر حکمت عملی تیار کرنا تھی۔
مزید پڑھیں: سی ڈی اے واٹر بورڈ کے ڈائریکٹر نے کرپشن کے سابقہ ریکارڈ توڑ دیئے