لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ساتواں سیزن جاری ہے، پشاور زلمی اور اسلام آباد یونائیٹیڈ کا ایلیمنٹر میچ آج ہوگا جس میں جیتنے والی ٹیم کو فائنل تک رسائی کیلئے قلندرز کا سامنا کرنا ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق وہاب ریاض کی قیادت میں پشاور زلمی جبکہ شاداب خان کی کپتانی میں اسلام آباد یونائیٹیڈ کی ٹیمیں آج شام ساڑھے 7 بجے قذافی اسٹیڈیم لاہور میں آمنے سامنے ہوں گی جبکہ لاہور قلندرز کو ہرا کر ملتان سلطانز کی ٹیم نے پی ایس ایل کے فائنل میں جگہ بنا لی ہے۔
علیم ڈار اور احسن رضا پاک آسٹریلیا ٹیسٹ سیریزکیلئے امپائرمقرر
گزشتہ شب کھیلے گئے میچ میں دفاعی چیمپین ملتان سلطانز نے لاہور قلندرز کو 28 رنز سے شکست دے دی تھی۔ ملتان نے 20 اوورز میں 2 وکٹس کے نقصان پر 163رنز بنائے، جواباً لاہور قلندرز 9 وکٹوں کے نقصان پر 135 رنز بنا کر شکست کھا گئی۔
آج ہونے والا میچ فائنل تک رسائی کیلئے پہلا مرحلہ کہا جاسکتا ہے۔ لاہور قلندرز کی ٹیم فائنل کی دوڑ سے تاحال آؤٹ نہیں ہوئی۔ آج پشاور اور اسلام آباد کے ایلیمنٹر میچ میں جو ٹیم جیتے گی، اسے لاہور قلندرز کا سامنا کرنا ہوگا جس کے بعد فائنل کی دوسری ٹیم سامنے آئے گی۔
ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ساتواں سیزن اختتام پذیر ہونے کو ہے۔ مختصر فارمیٹ میں کھیلے گئے میچز نے شائقینِ کرکٹ کا خوب دل لبھایا۔ آج ہونے والے میچ کے بعد فائنل تک پہنچنے کیلئے 2 ٹیموں میں رسہ کشی ہوگی۔ فائنل میچ27فروری کے روز شام ساڑھے 7 بجے ہوگا۔