تہران: ایرانی صدر ابراہیم رئیسی اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے کے لیے تین روزہ دورے پر چند دنوں کے دوران چین جائیں گے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے بتایا کہ رئیسی پیر کی شام کو چین کے صدر کی سرکاری دعوت کے جواب میں بیجنگ کے لیے روانہ ہوں گے۔
دونوں صدور نے پہلی بار گزشتہ ستمبر میں ازبکستان میں شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں ملاقات کی تھی، جہاں ایرانی صدر نے تعلقات کو وسعت دینے پر زور دیا تھا۔
ایجنسی کے مطابق، اپنے آنے والے دورے پر، رئیسی کی شی جن پنگ کے ساتھ نجی بات چیت کی توقع ہے، اور دونوں ممالک کے وفود ”تعاون کی دستاویزات” پر دستخط کرنے والے ہیں۔
ایجنسی نے مزید کہا کہ رئیسی ملک میں مقیم چینی تاجروں اور ایرانیوں کے ساتھ ملاقاتوں میں بھی حصہ لیں گے۔
ایران اور چین کے درمیان مضبوط اقتصادی تعلقات ہیں بالخصوص توانائی، ٹرانزٹ، زراعت، تجارت اور سرمایہ کاری کے شعبوں میں۔
IRNA نے ایرانی کسٹم حکام کے 10 ماہ کے اعدادوشمار کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ چین ایران کا سب سے بڑا تجارتی شراکت دار ہے۔
مزید پڑھیں:ترکی اور شام میں زلزلے سے جاں بحق افراد کی تعداد 28 ہزار سے تجاوز کرگئی
ایران کی بیجنگ کو برآمدات 12.6 بلین ڈالر رہی جبکہ اس نے چین سے 12.7 بلین ڈالر کی اشیا درآمد کیں۔