پاکستانی ڈراما انڈسٹری کی مشہور اداکارہ اقرا عزیز کو ایک ڈرامے کی شوٹنگ سے قبل ایک سینئر ساتھی اداکار کی جانب سے بسم اللہ نہ پڑھنے کا کہا گیا۔
خدا اور محبت اور سنو چندا جیسے ڈراموں سے پزیرائی حاصل کرنے والے اداکارہ اقرا عزیز ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں مہمان بنی۔
گفتگو کرتے ہوئے اداکارہ اقرا عزیز نے ایک ڈرامے کی شوٹنگ کے دوران کا قصہ سناتے ہوئے بتایا کہ انہیں ایک سنئیر اداکار نے بسم اللہ پڑھنے سے روکا۔
یہ بھی پڑھیں:
امریکی سفارتکار کی روایتی پاکستانی شادی میں شرکت، رقص، اردو میں پیغام
اداکارہ کا کہنا تھا کہ سنئیر اداکار نے کہا ‘ایسے، بسم اللہ نہیں بولتے سین سے پہلے، تو میں نے کہا بسم اللہ کیوں نہیں بولتے، یہ تو ایک اچھی چیز ہے ہم جب کام شروع کرتے ہیں، اللہ کا نام لے کر کرتے ہیں۔’
اقرا عزیز نے بات جاری رکھتے ہوئے بتایا کہ سنئیر اداکار نے کہا نہیں، ہمارا کام جھوٹ ہے، ہم جو یہ ڈراما کر رہے ہیں یہ جھوٹ ہے تو جھوٹ سے پہلے ہم اللہ کا نام نہیں لیتے لیکن میں نے کہا کہ ‘اوکے، میں تو بولوں گی میرے لیے تو یہ میری روزی روٹی ہے۔‘
میزبان کی جانب سے قہقہے لگاتے ہوئے سنئیر اداکار کا نام پوچھا گیا تو اقرا عزیز نے نام بتانے سے منع کرتے ہوئے کہا کہ میں نے واقعہ بتا دیا جو پہلے کسی کو نہیں بتایا تھا۔
میزبان نے ہنستے ہوئے ایک اور سوال کیا کہ وہ مرد ایکٹر تھے یا خاتون، جس پر اداکارہ نے جواب دیا مرد اداکار تھے۔