جنیوا: پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی یکجہتی کا دن آج منایا جارہا ہے جس کا مقصد قدرتی آفت سے متاثرہ افراد کی مدد کرنا اور غربت اور کسمپرسی کے خاتمے کیلئے باہمی اتحاد کی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہر سال اقوامِ متحدہ کے تحت 20 دسمبر کو انسانی یکجہتی کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ اس موقعے پر انسانی حقوق کی علمبردار سماجی تنظیمیں سیمینارز، واکس اور مختلف دیگر تقریبات کا اہتمام کرتی ہیں۔
پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن
او آئی سی سربراہی اجلاس افغان عوام کے ساتھ اظہار یکجہتی قرار
تقریبات کے دوران مقررین غربت اور کسمپرسی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کیلئے انسانوں کے باہمی اتحاد و یگانگت کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہیں۔ عالمی دن منانے کا بہت بڑا مقصد انسانی حقوق کی پامالیوں کو روکنا بھی ہے۔
اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی نے آج سے 16 برس قبل 20 دسمبر 2005کو انسانی یکجہتی کا عالمی دن منانے کی باضابطہ منظوری دے دی۔ اس کے بعد سے سالانہ بنیادوں پر عالمی دن منانے کا اہتمام کیا جانے لگا۔
ملینیئم ڈکلریشن میں 21 ویں صدی کے عالمی تعلقات کی بنیادی اقدار میں سے ایک کے طور پر انسانی یکجہتی کی نشاندہی بھی سامنے آئی۔ عالمی رہنماؤں کا کہنا ہے کہ محروم طبقات متمول افراد سے مدد حاصل کرسکتے ہیں۔
دنیا بھر میں تیزی سے پھیلتے ہوئے کورونا وائرس نے معاشرتی طبقات میں پہلے سے وسیع ہوتی خلیج کو وسعت دے کر انسانی یکجہتی کو سبوتاژ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی۔ عالمی برادری کو اتحاد بین الممالک کو فروغ دینے کیلئے کردار ادا کرنا ہوگا۔