سان فرانسسکو: سوشل میڈیا پر کم عمر بچوں کی حفاظت کے پیش نظر انہیں ’ناپسندیدہ بڑوں‘ کی پہنچ سے دور رکھنے کیلیے انسٹاگرام نے کچھ نئے فیچرز متعارف کرائے ہیں۔
انسٹاگرام کی ملکیت رکھنے والی کمپنی ”فیس بُک“ کی جانب سے گزشتہ دنوں ایک پی آر کے ذریعے تین مختلف نئے فیچرز کا اعلان کیا گیا ہے۔
پہلا فیچر: اگر کوئی بچہ جس کی عمر 13سال یا اس سے کم ہو انسٹاگرام پر اکاؤنٹ بنائے گا تو خودکار طور پر وہ ’پرائیویٹ‘ ہوگا یعنی اس اکاؤنٹ پر لگائی جانے والی پوسٹس صرف دوسرے کم عمر بچے ہی دیکھ سکیں گے۔ ان کے علاوہ صرف وہ بڑے دیکھ پائیں گے جنہیں یہ بچہ اجازت دے گا۔
دوسرا فیچر: انسٹاگرام پر مشکوک حرکتیں کرنے والے اکاؤنٹس کی نگرانی میں مزید سختی کردی جائے گی، اور انہیں کم عمر بچوں کو براہِ راست پیغامات بھیجنے (’ڈی ایم‘ کرنے) سے بھی باز رکھا جائے گا۔
تیسرا فیچر: اشتہار دینے والے اداروں کیلیے بھی آپشنز محدود کیے جائیں گے تاکہ انسٹاگرام استعمال کرنے والے بچوں تک صرف وہی اشتہارات پہنچیں جو ان کی عمر کے حساب سے ہیں۔بڑوں کے حساب سے بننے والے اشتہارات ان تک نہیں پہنچ پائیں گے۔
فیس بُک کی نائب صدر برائے مصنوعاتِ نوجوانان (وی پی آف یوتھ پروڈکٹس) پاونی دیوانجی اس بات کو بالکل واضح کیا ہے کہ اکاؤنٹ بنانے والے فرد کی درست عمر کا پتا لگانے کیلئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) کا بھرپور استعمال کیا جائے گا۔تاکہ ان آپشنز کا استعمال موثر بنایا جاسکے۔
مزید پڑھیں: پب جی کھیلنے سے روکنے پر بیوی نے شوہر کے خلاف مقدمہ درج کرادیا