راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی زیرصدارت جی ایچ کیو میں کورکمانڈر کانفرنس ہوئی جس میں اعلیٰ فوجی افسران شریک ہوئے، کانفرنس میں ملکی سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈر کانفرنس میں ملک کو درپیش مسائل ، علاقائی اور قومی سلامتی کے ماحول، داخلی صورتحال اور ملک کی سرحدوں کی تازہ صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، اس کے علاوہ لائن آف کنٹرول (ایل او سی) اور بھارتی مقبوضہ جموں و کشمیر پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
کور کمانڈر کانفرنس میں مشرق وسطیٰ کی بدلتی سیکیورٹی صورتحال ، ایران اور امریکا کے حالیہ کشیدگی اور اس سے خطے کے سیکیورٹی پر پڑنے والےمضمر اثرات کاجائزہ لیا گیا۔
کانفرنس میں پاکستان کے خلاف بھارتی فوجی قیادت کے بار بار دیے جانے والے اشتعال انگیز کابھی جائزہ لیاگیا ، فورم نے بھارتی فوجی قیادت کے بیانات کو غیر ذمہ دارانہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ایسے بیانات کے خطے کے امن و استحکام کیلئے خطرہ ہیں۔
کورکمانڈر کانفرس سے خطاب کرتے ہوئے آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے قیام کی کوششوں میں نمایاں شراکت دار ہے ۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہم کسی بھی قیمت پر قومی سلامتی اور مادر وطن کے دفاع پر سمجھوتہ کیے بغیر خطے میں قیام امن کے لیے اپنا ذمہ دارانہ اور مثبت کردار ادا کرتے رہیں گے۔