لاہور: وفاقی حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کو ایڈووکیٹ اظہر صدیقی نے لاہور ہائی کورٹ میں چیلنج کردیا ہے۔
اظہر صدیقی نے قیمتوں میں اضافے کو غیر قانونی اور نامناسب قرار دیتے ہوئے اپنی درخواست میں وفاقی حکومت ، اوگرا، وزارتِ پیٹرولیم اور دیگر کو فریق بنایا ہے اور یہ مؤقف اختیار کیا ہے کہ پیٹرولیم مصنوعات میں اضافہ اس لیے غیر قانونی ہے کیونکہ یہ معاملہ پہلے ہی معزز عدالت میں زیر سماعت ہے۔
انہوں نے ہائی کورٹ سے درخواست کی ہے کہ نئی اضافہ شدہ قیمتوں کے اطلاق کو فی الفور روک دیا جائے۔ واضح رہے کہ حکومت نے نئی قیمتوں کے اطلاق سے قبل کابینہ سے اس کی منظوری نہیں لی تھی۔
اس حوالے سے: حکومت کی طرف سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ایک بار پھر اضافہ
حکومت کے جاری کردہ نوٹیفیکیشن کے مطابق یکم اگست سے ہی پیٹرول 5 روپے 15 پیسے مزید مہنگا ہو کر 117 روپے 83 پیسے فی لیٹر ہوگیا جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں بھی 5 روپے 65 پیسے کا اضافہ کرکے 132 روپے 47 پیسے فی لیٹر کر دیا گیا ہے۔لائٹ ڈیزل آئل 8 روپے 90 پیسے اور مٹی کا تیل 5 روپے 38 پیسے مہنگا کردیا گیا ہے۔