لاہور: چیئرمین پاکستان تحریک انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ماضی میں عدالتیں طاقتور اور نظریہ ضرورت کے ساتھ چلتی تھیں،حقیقی آزادی انصاف سے آتی ہے، آزادی کی جدو جہد کیلئے مرنے والا انسان شہید ہوتا ہے۔
سابق وزیر اعظم عمران خان نے افطاری کے موقع پر کارکنوں سے خطاب میں کہا کہ ہر ضلع سے 3 کارکنوں کا انتخاب کروں گا، منتخب کارکنوں کو ایک مخصوص نمبر دوں گا، کارکن اپنے اضلاع کے مسائل سے آگاہ کریں گے، کل سے انٹرویو شروع کر رہا ہوں۔
پی ٹی آئی چیئرمین نے کہا کہ سپریم کورٹ آئین کے ساتھ کھڑی ہوئی اور نظریہ ضرورت کو رد کردیا، ایسا فیصلہ دیا جو ماضی میں عدالتیں ایسا فیصلہ نہیں کرتی تھیں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ آپ کی رائے بھی انٹرویوز کے وقت ذہن میں رکھوں گا، حقیقی آزادی آسانی سے پلیٹ میں رکھ کر نہیں ملتی قربانیاں دینی پڑتی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ہماری جدو جہد آزادی کی جدو جہد ہے، جب آپ لوگ اپنے حلقے میں جائیں تو لوگوں کو حقیقی آزادی کی تبلیغ کریں۔
مزید پڑھیں:پنجاب کے عام انتخابات، پی ٹی آئی امیدواروں کے انٹرویوزکا کل سے آغاز ہوگا
سربراہ تحریک انصاف نے کہا کہ ماضی میں عدالتیں طاقتور اور نظریہ ضرورت کے ساتھ چلتی تھیں، جب قوم آئین کے مطابق فیصلے کرتی ہے تو قوم آزاد ہو جاتی ہے، غلام قومیں نظریہ ضرورت کے تحت فیصلے کرتیں ہیں۔