لاہور: معروف صحافی، ٹاک شو کے میزبان اور یوٹیوبر عمران ریاض خان کو سادہ لباس میں ملبوس اہلکاروں نے گھر سے گرفتار کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق معروف صحافی عمران ریاض خان کے بھائی یوسف خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران ریاض کو لاہور کے علاقے ڈیفنس روڈ پر واقع سوسائٹی میں ان کے گھر سے گرفتار کیا گیا۔
یوسف خان کے دعوے کے مطابق نامعلوم مسلح افراد معروف صحافی عمران ریاض خان کو اپنے ہمراہ لے کر روانہ ہوگئے۔ گرفتاری کے حوالے سے منظرِ عام پر آنے والی ویڈیو میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔
ویڈیو میں بتایا گیاکہ عمران ریاض خان کو حراست میں لینے کیلئے 4گاڑیاں آئیں۔ سادہ لباس اہلکار 15سے زائد گاڑیوں پر سوار تھے۔ اہلکاروں نے گھر میں گھس کر عمران ریاض کو گرفتار کیا۔
عمران ریاض کو گرفتار کرنے والے سادہ لباس اہلکار گھر سے لیپ ٹاپ سمیت دیگر سامان بھی ساتھ لے گئے۔ یوسف خان کا کہنا ہے کہ عمران ریاض کی گرفتاری کے وقت بچے بھی گھر پر موجود تھے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل ایف آئی اے نے معروف اینکر عمران ریاض خان کو سوشل میڈیا پر ججز مخالف مہم چلانے کے الزام میں ماڈل ٹاؤن دفتر میں طلب کیا تاہم عمران ریاض آج آفس میں پیش نہیں ہوسکے۔