لاہور: مسلم لیگ ن کی نائب صدر، سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان ملک کا سب سے بڑا فتنہ ہے، اس فتنہ کو جتنی جلدی کرش کرلیں اور اُس کے اصل مقام تک پہنچادیں، اتنا ہی ملک بہتری کی جانب جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہاؤس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھا کہ ان لوگوں نے سیاسی دشمنی میں مسجد نبوی ﷺ کی بےحرمتی کی، مسجد نبوی میں افسوسناک واقعہ منصوبہ بندی کیساتھ کیا گیا۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ سعودی عرب کا واقعہ افسوسناک ہے، سیاسی دشمنی میں اتنا آگے بڑھ گئے کہ محبوب ہستی کے تقدس کا بھی لحاظ نہیں رکھا گیا، اس طرح کا واقعہ نہیں ہونا چاہیے تھا، اس واقعے سے نہ صرف پاکستان کے بلکہ دنیا بھر کے مسلمانوں کے جذبات مجروح ہوئے۔
اُن کا کہنا تھا کہ یہ غنڈہ گردی کررہے ہیں اور سعودی عرب میں بھی وہی کرنے کی کوشش کی، یہ سب کچھ بہت منظم طریقے سے کیا گیا ہے، اس فتنہ کو جتنی جلدی کرش کرلیں اور اصل مقام پر پہنچا دیں، اتنا ہی ملک کا بھلا ہوگا۔
ان کا کہنا تھا کہ جسے پنجاب اسپیڈ کہتے تھے اب وہ پاکستان اسپیڈ بن گئی ہے، شہباز شریف اچھے ایڈمنسٹریٹر اور باصلاحیت وزیراعظم ہیں، وہ اپنی صلاحیتوں کی بدولت بہت جلد چیلنجز پر قابو پالیں گے، ان کی قیادت میں عوام کو گورننس، دیگر معاملات میں بہتری نظر آئے گی۔
یہ بھی پڑھیں: مسجد نبوی ﷺ میں نعرے بازی، اداکارہ عفت عمر کی عمران خان پر تنقید