کراچی:پاکستان پیپلزپارٹی کی مرکزی سیکرٹری اطلاعات ورکن قومی اسمبلی ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ اپوزیشن کونیب کے ذریعہ دباؤ میں لانا اورگلگت بلتستان کے انتخابات کوہائی جیک کرنے کے لیے وزیراعظم سمیت وفاقی وزراء کی سرگرمیاں انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہے۔
عمران خان نے گلگت میں اے ٹی ایم مشین کے منہ کھول دیئے ہیں،الیکشن کمیشن کومعاملے کا فوری نوٹس لینا چاہئے،انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم کا اگلا جلسہ پشاورمیں ہوگا،اپوزیشن کودباؤ میں لانے کے لیے نیب کا استعمال کیا جارہا ہے،حکومت دھمکیوں پراترآئی ہے۔
اپوزیشن کودیوارسے لگانے کے لیے غداری کے الزامات لگائے جارہے ہیں،گلگت بلتستان الیکشن میں دھاندلی کی گئی تو اسلام آباد کی طرف مارچ کریں گے۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے پیپلزپارٹی میڈیاسیل میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔
اس موقع پرایم این اے ڈاکٹرشاہدہ رحمانی،پیپلزپارٹی کراچی کے ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات آصف خان،شکیل چوہدری،سردارنزاکت، اداکارایوب کھوسہ،طارق خٹک دیگربھی موجود تھے۔
ڈاکٹرنفیسہ شاہ نے کہاکہ گلگت بلتستان میں الیکشن سے قبل وفاقی حکومت کی سرگرمیاں انتخابی ضابطہ اخلاق کی کھلی خلاف ورزی ہیں،امین گنڈا پورایک وزیر ہونے کے باوجود گلگت میں کیوں موجود ہیں،وفاقی حکومت گلگت میں دھاندلی کی منصوبہ بندی کرچکی ہے۔
خان صاحب نے گلگت میں اے ٹی ایم مشین کے منہ کھول دیئے ہیں،اعلان کیا جارہا ہے کہ جو جتنے ووٹ دے گا اسے اتنے ترقیاتی منصوبے ملیں گے،گلگت بلتستان میں نگران حکومت کے لوگوں سے وفاقی وزراء ملاقاتیں کررہے ہیں۔
تاج حیدر نے الیکشن کمیشن کو خط ارسال کیا ہے،الیکشن کمیشن اس پر ایکشن لے۔ انہوں نے کہاکہ نیب کواپوزیشن کوجھکانے اوردبا میں لانے کے لیے استعمال کیا جارہا ہے،اب حکومت دھمکیوں پراترآئی ہے نیب کے علاوہ غداری کا حربہ اختیارکیا جارہا ہے۔
انہوں نے کہاکہ این ائی سی وی ڈی پر چھاپہ افسوس ناک عمل ہے نیب سیاسی کو سیاسی ٹول کیلئے استعمال کیا جا رہا ہے، این آئی سی وی ڈی جاکر نیب گردی کرنا یہ کیا میسج ہے؟ وفاقی حکومت نے میڈیکل پروفیشن پر جو سرجیکل اسٹرائیک کی ہے قابل مذمت ہے۔
پی آئی اے پر بھی سرجیکل اسٹرائیک کی گئی ہے،پائلٹس کی مرعات میں 44 فیصد کمی کردی گئی ہے جب جہاز کے کیپٹن کو ڈی مورالائز کریں گے تو کیسے چلے گی کمپنی؟۔ یہ عدالت کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے اوراخلاقیات کی حدوں کوپارکیا گیا ہے،نیب متنازع بن چکا ہے جس کی ہم مذمت کرتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ لاہور میں نفرت آمیز پوسٹر بانٹے جا رہے ہیں جسکی مزمت کرتے ہیں،آپ سلیکٹڈ ہیں حکمرانی آپ سے ہو نہیں رہی اس لئیے نیب آپ کے ہاس ہتھیار ہے،پی ڈی ایم عوام کی آواز ہے آپ اس سے گھبرا رہے ہیں،اب آپ غداری کے فتوے دے رہے ہیں دھمکیوں پراترآئے ہیں۔
نفیسہ شاہ نے کہاکہ ایاز صادق کے بیان پر اگر انڈین میڈیا خبر چلا رہا ہے تو مودی جن کی تعریف کر رہا ہے ان کے خلاف کیا ہوگا،حکمران این آر او اور کرپشن کی بات کر کے عوام کا پیٹ نہیں بھرسکتے۔