راولپنڈی: اڈیالہ جیل میں قید سابق وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ میں نے آئی ایم ایف کو خط لکھ دیا ہے، آج چلا گیا ہوگا۔
نجی ٹی وی کے دعوے کے مطابق اڈیالہ جیل کے کمرۂ عدالت میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کے دوران عمران خان نے آئی ایم ایف کو خط لکھنے کی تصدیق کردی اور کہا کہ آئی ایم ایف کو لکھا گیا خط آج جا چکا ہوگا۔
ملک کی معاشی صورتحال پر تبصرہ کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ایسے حالات میں اگر پاکستان قرض حاصل کرتا ہے تو قرض واپس کون کرے گا؟ اس سے ملک میں غربت میں اضافہ ہوگا، سرمایہ کاری نہ ہو تو قرض بڑھتا جاتا ہے۔
سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پہلے پاکستان میں سیاسی استحکام کا قیام ضروری ہے۔ نواز شریف کی سیلیکشن کیلئے ملکی ادارے تباہ کیے گئے۔ عدلیہ اور نیب سمیت سب کچھ تباہ کردیا گیا ہے۔ یہ نواز شریف کو سیلیکٹ کرنا چاہتے تھے۔
عمران خان نے کہا کہ نواز شریف کیلئے مجھے صفر پر لایا گیا۔ پھر انتخابات میں دھاندلی کرائی گئی۔ کمشنر راولپنڈی کے انکشافات سامنے آنے پر کمشنر کو اٹھا کر تشدد کیا گیا، اب لیاقت علی چٹھہ کا سافٹ وئیر اپ ڈیٹ ہوگیا ہے۔