وزیر اعظم پاکستان عمران خان نے کہا ہے کہ صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان جیسے لوگ ہمارا اثاثہ ہیں جبکہ انہوں نے پی آئی سی معاملے کو سلجھانے میں اہم کردار ادا کیا۔
صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان سے ٹیلیفونک گفتگو کے دوران وزیر اعظم عمران خان نے ان کی خیریت دریافت کرتے ہوئے گزشتہ روز کے واقعے پر تشویش کا اظہار کیا۔
وزیر اعظم عمران خان نے فیاض الحسن چوہان کی شجاعت و بہادری کو سراہتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر ماڈل ٹاؤن کی سیاہ تاریخ دہرانا چاہتے تھے، لیکن حکومت نے ایسا نہیں ہونے دیا۔
واقعے کی مذمت کرتے ہوئے وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ شر پسند عناصر سے سختی سے نمٹیں گے، کوئی قانون سے برتر نہیں ہے جبکہ حکومت ملک دشمن عناصر کے عزائم کو ناکام بنانا جانتی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان نے گزشتہ روز پنجاب انسٹیٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے واقعے میں صوبائی وزیر فیاض الحسن پر تشدد کی مذمت کرتے ہوئے تحریکِ انصاف کی حکومت پر کڑی تنقید کی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر گزشتہ روز اپنے پیغام میں ریحام خان نے کہا کہ پنجاب کے صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان کے ساتھ جو ہوا وہ اچھا نہیں ہوا، اس کی مذمت کرتی ہوں۔
وزیر اعظم کے خلاف کتاب لکھنے والی ریحام خان نے فیاض الحسن سمیت دیگر وزراء کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومتی وزراء کو خود اپنی حیثیت اور عوام میں مقبولیت کا اندازہ ہونا چاہئے۔
مزید پڑھیں: ریحام خان کی فیاض الحسن پر تشدد کی مذمت اور حکومت پر تنقید