اسلام آباد: عدالت نے مبینہ بیٹی چھپانے پر نااہلی کی درخواست کی سماعت کے دوران چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی اضافی دستاویزات جمع کرانے کی درخواست منظور کر لی ہے۔
تفصیلات کے مطابق نااہلی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران عمران خان کی دستاویزات جمع کرانے کی متفرق درخواست اسلام آباد ہائیکورٹ نے منظور کی جبکہ شہری محمد ساجد کی درخواست کی سماعت ہائیکورٹ کے لارجر بینچ نے کی۔
شیخ رشید احمد کی درخواستِ ضمانت مسترد
چیف جسٹس عامر فاروق جسٹس محسن اختر کیانی اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل ہائیکورٹ کے لارجر بینچ کی قیادت کر رہے ہیں، یک رکنی ججز بینچ پر اعتراض سامنے آیا تھا۔ عمران خان کی نمائندگی وکیل سلمان اکرم راجہ نے کی۔
درخواست گزار محمد ساجد کے وکیل سلمان بٹ بھی عدالت کے سامنے پیش ہوئے۔ چیف جسٹس نے ریمارکس دئیے کہ الزام ہے کہ عمران خان کے کاغذاتِ نامزدگی کے ساتھ بیانِ حلفی میں معلومات چھپائی گئیں۔
الیکشن کمیشن کے وکیل نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عدالت کے حکم پر کیس کے متعلق ریاکرڈ کی مصدقہ نقول جمع ہوجائیں گی۔ اسلام آباد ہائیکورٹ نے یکم مارچ کو حتمی دلائل طلب کرتے ہوئے عمران خان کی طرف سے اضافی دستاویزات کی درخواست منظور کر لی۔