اسلام آباد: چیئرمین پاکستان تحریکِ انصاف اور سابق وزیر اعظم عمران خان نے لانگ مارچ کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم توڑ پھوڑ نہیں کریں گے، پیٹرول، ڈیزل اور ٹرانسپورٹ بند ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق حکومت مخالف احتجاج کے متعلق اپنے ایک بیان میں سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں خیبر پختونخوا سے اسلام آباد کی جانب لانگ مارچ کی قیادت کروں گا۔ پوری قوم کو دعوت دیتا ہوں، حقیقی آزادی مارچ میں شرکت کرے۔
پی ٹی آئی کا لانگ مارچ:اسلام آباد پولیس کے ملازمین کی چھٹیاں منسوخ
سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ میں 25 مئی کو سری نگر ہائی وے پر دوپہر 3 بجے آپ سے ملوں گا۔ ہمارا امپورٹڈ حکومت سے مطالبہ ہے کہ اسمبلی تحلیل کرکے الیکشن کا اعلان کریں۔ فوج نے کہا تھا کہ ہم نیوٹرل ہیں تو پھر نیوٹرل ہی رہیں۔
چیئرمین تحریکِ انصاف عمران خان نے کہا کہ یہ سیاست نہیں بلکہ انقلاب آرہا ہے۔ پولیس، بیوروکریسی اور فوج سے کہتا ہوں کہ ہم توڑ پھوڑ نہیں کریں گے۔ پیٹرول، ڈیزل اور ٹرانسپورٹ بند ہوگی، ابھی سے تیاری کر لیں۔
لانگ مارچ روکنے کی تیاری
خیال رہے کہ اس سے قبل پی ٹی آئی کی جانب سے 25 مئی کو وفاقی دارالحکومت کی جانب لانگ مارچ کے اعلان کے پیش نظر ااسلام آباد پولیس کی ایمرجنسی کے علاوہ تمام قسم کی چھٹیوں پر 22 مئی سے تاحکمِ ثانی پابندی عائد کردی گئی۔
گزشتہ روز رات کے وقت انسپکٹر جنرل (آئی جی) اسلام آباد پولیس کی منظوری سے ڈی آئی جی ہیڈ کوارٹرز کی جانب سے اس سلسلے میں ایک نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ ایمرجنسی کے علاوہ پولیس کی تمام قسم کی چھٹیوں پر پابندی عائد ہے، نوٹیفکیشن میں تمام متعلقہ اداروں سے احکامات پر سختی سے عمل کرنے کی تاکید کی گئی۔