زخمی فخر زمان چیمپئنز ٹرافی سے باہر، امام الحق قومی ٹیم میں شامل

مقبول خبریں

کالمز

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے اوپنر امام الحق کو قومی کرکٹ ٹیم میں شامل کرلیا ہے، وہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی میں زخمی ہونے والے فخر زمان کی جگہ ٹیم کا حصہ بنیں گے۔

تفصیلات کے مطابق آئی سی سی کی تکنیکی کمیٹی نے فخر زمان کی انجری کے باعث ان کی جگہ امام الحق کی شمولیت کی منظوری دے دی ہے۔ پی سی بی نے فیصلہ کیا ہے کہ امام الحق کو جلد از جلد دبئی روانہ کیا جائے تاکہ وہ پاکستان کے آئندہ میچ میں بطور اوپنر ٹیم کا حصہ بن سکیں۔

ایک حالیہ بیان میں فخر زمان نے کہا، “آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیسے بڑے ایونٹ میں پاکستان کی نمائندگی کرنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے۔ میں فخر محسوس کرتا ہوں کہ مجھے یہ موقع ملا لیکن بدقسمتی سے اب میں ایونٹ سے باہر ہوچکا ہوں۔”

اس سے قبل فخر زمان نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کے پہلے میچ کے دوران فیلڈنگ کرتے ہوئے زخمی ہو گئے تھے۔ انہیں گھٹنے میں شدید درد کی شکایت کے باعث دو مرتبہ میدان سے باہر جانا پڑا تاہم علاج کے بعد وہ دوبارہ کھیلنے کے لیے واپس آئے اور اننگز کے اختتام تک فیلڈنگ جاری رکھی۔

کرکٹ ماہرین کا کہنا ہے کہ انجری کی وجہ سے فخر زمان اوپننگ کے لیے دستیاب نہیں تھے۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی ابتدائی حکمت عملی کے مطابق سعود شکیل اور بابر اعظم نے اننگز کا آغاز کیا۔

گزشتہ روز نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں فخر زمان کو میدان میں اترنے کے لیے 20 منٹ انتظار کرنا پڑا کیونکہ وہ کچھ دیر کے لیے آف فیلڈ رہے تھے۔

قومی ٹیم میں امام الحق کی شمولیت سے پاکستان کی اوپننگ بیٹنگ میں استحکام کی امید کی جا رہی ہے جبکہ شائقین کرکٹ کی نظریں اب ان کی کارکردگی پر مرکوز ہیں۔

Related Posts