لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج نہ کرنے کے الزام پر آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے عہدہ چھوڑنے کا فیصلہ کر لیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی چیئرمین پر حملے کی ایف آئی آر درج نہ کرنے کا معاملہ شدت اختیار کر گیا۔ آئی جی پنجاب فیصل شاہکار نے اپنا چارج چھوڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے حکومت کو خط لکھ دیا۔
منشیات اسمگل کرنے کی کوشش ناکام، 4ملزمان گرفتار
وفاقی حکومت کو تحریر کیے گئے خط میں آئی جی پنجاب فیصل شاہکار کا کہنا ہے کہ میں اپنا کام مزید جاری نہیں رکھ سکتا۔
باوثوق ذرائع کا دعویٰ ہے کہ آئی جی پنجاب ایف آئی آر میں شامل کیے جانے والے ناموں پر معترض تھے جس پر پی ٹی آئی، پنجاب حکومت اور آئی جی پنجاب میں اختلافات پیدا ہوئے۔
گزشتہ روز نائب چیئرمین پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی نے بھی آئی جی پنجاب فیصل شاہکار سے عہدہ چھوڑنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر آئی جی پنجاب عمران خان پر حملے کا مقدمہ درج نہیں کراسکتے تو عہدہ چھوڑ دیں۔
چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو لانگ مارچ کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا جس کے نتیجے میں سابق وزیر اعظم زخمی ہوگئے تھے۔ واقعہ کا مقدمہ درج نہ کرنے کے باعث آئی جی پنجاب تنقید کی زد میں آگئے۔