کراچی: ہچیسن پورٹس پاکستان میں گلوبل فیڈرز، سائنوکور، ہئنگ اے اور سی لیڈ پر مشتمل کنسورشیم نے 5 بحری جہازوں پر مشتمل نئی شپنگ سروس کا آغاز کردیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ہچیسن پورٹس کا کہنا ہے کہ نئی شپنگ سروس سے جنوب مشرقی ایشیاء، چین اور کوریا کی پھلتی پھولتی منڈیوں تک آسان رسائی سے تجارتی روابط کو فروغ حاصل ہوگا۔
نئی شپنگ سروس سے پاکستانی برآمد کنندگان کو نان ویسل آپریٹنگ کامن کیرئیرز (این وی او سی سیز) کے ساتھ ساتھ مین لائن آپریٹرز کے ذریعے برآمدات کو فروغ دینے کیلئے اضافی گنجائش فراہم کی جاسکے گی۔
شپنگ سروس میں ہفتہ وار بنیادوں پر چلنے والے 5 بحری جہاز شامل کیے گئے ہیں۔ اس حوالے سے جنرل منیجر اور بزنس یونٹ کے سربراہ ریمنڈ چین کا کہنا ہے کہ مستقبل میں پاکستان کی معاشی نمو بین الاقوامی تجارت، بالخصوص برآمدات پر منحصر ہوگی۔
ہچیسن پورٹس انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ہم انقلابی خدمات پیش کرنے کے سلسلے میں ہمیشہ پیش پیش رہتے ہیں ، پاکستان کی قابلِ تجارت برآمدات کو دنیا تک پہنچانے کیلئے سی ایس سی اور سس 2 ایک نیا ہتھیار ثابت ہوگا۔
انتظامیہ کہا کہنا ہے کہ بندرگاہ نے ابتدا ہی سے پاکستان کی سمندری تجارت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا اور ہم کراچی کو تجارتی و ٹرانسپورٹ سے متعلق سرگرمیوں کیلئے جنوبی ایشیاء کے اہم مرکز میں تبدیل کرتے ہوئے اسے فروغ دینے کا سلسلہ جاری رکھیں گے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈاؤلینس کا ماحولیاتی استحکام کیلئے ڈبلیو ڈبلیو ایف کے ساتھ معاہدہ