بلوچستان کے شہر حب میں آف روڈ موٹر سپورٹس میلے 2023 میں نئی تاریخ رقم ہوگئی، اے پری پئیرڈ کیٹگری میں نوجوان ڈرائیور تیمور خواجہ نے 30 کلومیٹر کا ٹریک 22 منٹ اور 29 سیکنڈ میں مکمل کرکے ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
اس مقابلے میں صاحبزادہ سلطان اور نادر مگسی نے بھی حصہ لیاتھا لیکن وہ تیمور خواجہ کو شکست دینے میں ناکام رہے، پہلی پوزیشن تیمور خواجہ کے حصے میں آئی جبکہ دوسری صاحبزادہ سلطان اور کراچی کے شیراز قریشی نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
دوسری جانب خواتین کیٹیگری میں بھی نوجوان ڈرائیور دینا پٹیل نے 27 منٹ 33 سیکنڈ میں فاصلہ طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی جبکہ آفرین شیراز نے ڈیبیو ریس میں دوسری پوزیشن اپنے نام کی۔
ایونٹ میں ملک کے مختلف حصوں سے شائقین کی بڑی تعداد نے شرکت کی، گڈانی کراس پر 30 کلومیٹر کے ٹریک پر ہونے والی ریس میں لگ بھگ 80 ڈرائیوروں اور 60 موٹر سائیکل سواروں نے حصہ لیا۔
اختتامی تقریب کے مہمان خصوصی گورنر سندھ کامران ٹیسوری تھے جنہوں نے جیتنے والوں میں انعامات تقسیم کیے۔
اس موقع پر ایم ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے پری پئیرڈ کیٹگری کے فاتح تیمور خواجہ نے کہا کہ حب کا ٹریک کافی مشکل ہے، اس میں بہت زیادہ موڑ ہیں جس کی وجہ سے گاڑی کی رفتار کو برقرار رکھنے میں کافی مشکل ہوتی ہے۔
تیمور خواجہ نے کہا کہ ریس کیلئے کوئی خاص حکمت عملی نہیں تھی یہی کوشش کی تھی کہ گاڑی کی رفتار کو برقرار رکھوں جس میں گاڑی نے بھی ساتھ دیا اور نیوی گیشن بھی اچھی تھی اور اس طرح میں نے ٹائٹل جیت لیا۔
نوجوانوں کو پیغام دیتے ہوئے تیمور خواجہ نے کہا کہ میرے خیال میں اس ریس میں نوجوانوں کو ضرور حصہ لینا چاہئیے کیونکہ انھیں یہاں سے بہت کچھ سیکھنے کو ملے گا۔
خواتین کیٹیگری کی فاتح دینا پٹیل نے بھی اس تجربے کو بہت اچھا قرار دیا اور کہا کہ انہوں نے اس ریس سے بہت کچھ سیکھا ہے۔
اس مقابلے میں سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار جام کمال نے بھی حصہ لیا، انہوں نے ایم ایم نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ میں نے اس سے پہلے چولستان ٹریک پر ڈرائیو کی تھی جس کا ٹریک 500 کلو میٹر تھا، لیکن یہ 30 کلومیٹر کا ٹریک کافی مشکل ہے، اس میں بہت زیادہ موڑ ہیں اور یہ مسلسل ڈرائیورز کو اپنے ساتھ جوڑے رکھتا ہے۔