نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے یکم جولائی 2023 سے ملک بھر میں بجلی کے بنیادی نرخوں میں 7.50 روپے فی یونٹ اضافہ کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بجلی کی قیمت میں تازہ ترین اضافے سے بنیادی ٹیرف 42.72 روپے فی یونٹ تک پہنچ جائے گا۔ سیلز ٹیکس کے اضافے سے بجلی کی فی یونٹ قیمت 50 روپے 41 پیسے ہوگئی ہے۔
نئے ٹیرف کے تحت ادائیگی
ماہانہ 100 یونٹ تک بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کے لیے بجلی کی فی یونٹ قیمت میں 3 روپے کا اضافہ ہوا ہے جس سے فی یونٹ بجلی کی قیمت 16.48 روپے ہو گئی ہے۔
بجلی کے وہ صارفین جو 101 سے 200 یونٹس تک برقی رو کا استعمال کرتے ہیں، فی یونٹ قیمت میں 4روپے اضافے کا سامنا کریں گے جس سے نئی قیمت 22روپے 95پیسے فی یونٹ ہوجائے گی۔
جو لوگ ماہانہ 201 سے 300 یونٹ استعمال کرتے ہیں وہ5 روپے فی یونٹ اضافی ادا کریں گے جس سے ان کی بجلی کی قیمت 27.14 روپے فی یونٹ ہو جائے گی۔
وہ صارفین جو 301 سے 400 یونٹ بجلی ماہانہ استعمال کرتے ہیں، ان کیلئے فی یونٹ قیمت میں 6اعشاریہ 50روپے فی یونٹ اضافہ ہوا ہے جس سے فی یونٹ قیمت 32روپے 3پیسے ہوجائے گی۔
ماہانہ 500یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کیلئے بجلی کی قیمت میں 7روپے 50 پیسے فی یونٹ اضافہ کیا گیا ہے جس سے ہر یونٹ کی قیمت 35روپے 24 پیسے ہوجائے گی۔
اس کے علاوہ ماہانہ 501 سے لے کر 600 یونٹس تک بجلی استعمال کرنے والے صارفین کیلئے نئے نرخ 37 روپے 80 پیسے کردئیے گئے ہیں تاہم لائف لائن صارفین سے سابقہ نرخ ہی وصول کیے جائیں گے۔ نئے نرخوں کا اطلاق کے الیکٹرک سمیت تمام تقسیم کار کمپنیوں پر کردیا گیا ہے۔