کراچی سمیت ملک بھر کیلئے بجلی کے بلز میں مزید اضافہ کرنے کی تیاریاں جاری ہیں۔ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بلز میں مزید اضافہ کرنے کی درخواست دے دی گئی۔
نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کے تحت کل سہ مالی ایڈجسٹمنٹ کے تحت بجلی مہنگی کرنے کی درخواست پر سماعت ہوگی۔ اتھارٹی کو جولائی تا ستمبر 2023 تک کی ایڈجسٹمنٹ کی درخواست دی گئی ہے۔
حکام کا کہنا ہے کہ سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی کی قیمت میں 1اعشاریہ 70روپے فی یونٹ تک اضافے کا خدشہ ہے۔ یکساں ٹیرف کیلئے سہ ماہی ایڈجسٹمنٹ کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی کیا جائے گا۔
ڈسکوز کی جانب سے نیپرا کو دائر درخواست میں بجلی صارفین پر 22 ارب 56کروڑ کا اضافی بوجھ ڈالنے کی استدعا کی گئی۔ کمپنیوں کو کیپسٹی چارجز کی مد میں 12 ارب، 12 کروڑ 60 لاکھ روپے وصولی کی بھی اجازت درکار ہے۔
نیپرا کو یوز آف سستم چارجز کے تحت 10ارب 24کروڑ 70لاکھ روپے وصولی کی درخواست بھی کردی گئی۔ آپریشن اینڈ مینٹیننس کی مد میں 4ارب 61کروڑ 70 لاکھ روپے کا مطالبہ رکھا گیا ہے۔ صارفین سے نقصانات کی مد میں 6ارب، 61کروڑ 70لاکھ روپے وصولی کی درخواست کی گئی ہے۔