کراچی کا نوجوان 3 سال سے غریبوں کو سستے پھل کیسے فراہم کر رہا ہے؟

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

گوگل نیوز پر ہمیں فالو کریں

کراچی کے ایک پر عزم نوجوان نے ملک میں جاری بد ترین مہنگائی کے دوران غریب عوام کو انتہائی سستے داموں پھل فراہم کرنے کا سلسلہ شروع کرکے انسانیت کی خدمت کی اعلیٰ مثال قائم کی ہے۔

مصطفیٰ حنیف نامی نوجوان معروف سوشل ایکٹوسٹ ہیں، وہ گزشتہ تین سال سے کراچی کی سڑکوں پر صرف دس روپے کلو کے حساب سے غریب اور نادار افراد کو مختلف فروٹ فراہم کرتے ہیں۔

وہ اپنے نام سے قائم رفاہی ادارے مصطفیٰ حنیف ٹرسٹ کے منتظم ہیں اور اس ادارے کے بینر تلے یہ سارا انتظام وہ اپنی ٹیم کے ہمراہ بڑے عمدہ انداز سے کرتے ہیں۔

تاہم گزشتہ دنوں ان کے سستے پھل فراہمی کے اسٹال پر انتہائی ناخوشگوار واقعہ پیش آیا، جس میں ہجوم نے دھاوا بول کر سارا سامان بری طرح لوٹ لیا تھا۔

مصطفی حنیف اس ناخوشگوار واقعے سے بالکل بھی بدمزہ نہیں ہوئے اور اس واقعے کے اگلے ہی دن نئے عزم کے ساتھ پھر اسی مقام پر سستے فروٹس کا اسٹال لگا کر اپنی بساط کے مطابق خدمت خلق میں مصروف ہوگئے۔

مصطفی حنیف نے ایم ایم نیوز کو بتایا کہ ان کے اسٹال سے روزانہ 500 سے زائد فیملیاں سستے پھل کے اس پیکیج سے فائدہ اٹھاتی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا مقصد انسانیت کی خدمت ہے، جس سے وہ پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

مصطفیٰ حنیف نے بتایا کہ ملک میں جاری بد ترین مہنگائی سے ہر فرد شہری بری طرح متاثر ہے، ایسے میں ہم محدود پیمانے پر سستے پھل فراہم کرکے اپنے حصے کا کردار ادا کر رہے ہیں۔

Related Posts