پنجاب میں ایک لاکھ صارفین کو فری سولر پینلز ملیں گے، وزیر اعلیٰ پنجاب نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کر دیا۔
لاہورمیں فری سولر پینل اسکیم کی افتتاحی تقریب میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سی ایم پنجاب فری سولر پینل اسکیم کا باقاعدہ افتتاح کردیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ اسکیم کا مقصد عوام کو مہنگی بجلی سے مستقل ریلیف فراہم کرنا ہے، اس کے لئے پنجاب کے صارفین آج سے ہی اپلائی کرسکتے ہیں۔
مریم نواز نے کہا کہ فی یونٹ 14روپے سبسڈی سے پنجاب کے 73 لاکھ صارفین مستفید ہوئے ہیں، عوام کے وسائل ان کی سہولت اور ریلیف کے لئے خرچ ہوں گے۔ اس موقع پر بریفنگ میں بتایا گیا کہ صوبہ میں ماہانہ 200 یونٹ والے صارفین کو سولر سسٹم مفت دیا جائے گا، فری سولر پینل اسکیم کے تحت سال بھر میں ایک لاکھ سولر سسٹم لگائے جائیں گے ۔
100یونٹ ماہانہ والے 52019 صارفین کو 550 واٹ، جبکہ 200 یونٹ والے صارفین کو 1100 واٹ کا سولر سسٹم مفت دیا جائے گا۔ صوبائی سیکرٹری نے کہا کہ صارفین فری سولر پینل اسکیم کے لئے 8800 پر ایس ایم ایس بھیج کر رجسٹریشن کرا سکتے ہیں، ماہانہ بل پر درج ریفرنس نمبر اور شناختی کارڈ نمبرسے تصدیق کی جائے گی۔
انہوں نے بریفنگ میں بتایا کہ اسکیم میں شفافیت کے لئے کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی کی جائے گی، صارفین کی رہنمائی کے لئے ہیلپ لائن بھی قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں 1 لاکھ سولر سسٹم لگانے سے 57ہزار ٹن کاربن کا اخراج کم ہوگا، اسکیم سے وفاقی حکومت پر بھی سبسڈی کا بوجھ کم ہوگا۔