اسلام آباد: وزیرِ مملکت برائے امورِ خارجہ حنا ربانی کھر کے دورۂ افغانستان اور افغان حکام سے ملاقاتوں کا اعلامیہ جاری کردیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیرِ مملکت برائے خارجہ امور حنا ربانی کھر دورۂ افغانستان کیلئے گزشتہ روز کابل پہنچیں اور افغانستان کی اعلیٰ قیادت سے اہم ملاقاتیں کیں جس میں افغان وزیر خارجہ امیر متقی اور افغان عبوری نائب وزیر اعظم شامل ہیں۔
پیپلز پارٹی کے یومِ تاسیس پر بلاول کا خطاب، نشتر پارک میں جلسہ
افغان عبوری نائب وزیر اعظم عبدالسلام حنفی سے ملاقات کے دوران افغان وزیر معدنیات اور پیٹرولیم شہاب الدین دلاور بھی موجود تھے۔ دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حنا ربانی کھر نے افغان وزیرِ تجارت نور الدین عزیزی سے بھی ملاقات کی۔
ترجمان دفترِخارجہ کا کہنا ہے کہ حنا ربانی کھر نے افغانستان کی اعلیٰ قیادت سے ملاقاتوں کے دوران صحت، تعلیم، زراعت اور تجارتی امور پر گفتگو کی۔ سرمایہ کاری میں تعاون، سماجی و اقتصادی منصوبے اور علاقائی روابط پر بھی بات چیت ہوئی۔
دفترِ خارجہ کا کہنا ہے کہ حنا ربانی کھر نے افغان قیادت سے ملاقاتوں کے دوران پر امن، مستحکم اور خوشحال افغانستان کیلئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا اور افغان قوم کی تعمیرِ نو کیلئے مالیایت اثاثے غیر منجمد کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔
اعلامیے میں دفترِ خارجہ نے کہا کہ حنا ربانی کھر نے پاک افغان تعلقات کوآگے بڑھانے کیلئے ادارہ جاتی مکینزم کے اہم کردار پا اتفاقِ رائے، وسطی و جنوبی ایشیا کے مابین افغانستان کی اہمیت کو بھی اجاگر کیا،دہشت گردی کے مقابلے پر بھی بات چیت ہوئی۔