اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے اقتصادی امور حماد اظہر نے کہا ہے کہ آئندہ 4 برس میں چھوٹے کاروباروں کی تعداد 2 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ تک کردی جائیگی۔
ایشیائی ترقیاتی بینک کی کارانداز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے حماد اظہر نے کہا کہ نجی قرضوں میں چھوٹے کاروبار کا حصہ صرف 7.5 فی صد ہے اور آئندہ 4 برس میں نجی قرضوں میں چھوٹے کاروبار کے لیے قرضہ 17 فیصد تک پہنچنے کا ہدف طے کیا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ 4 برس تک چھوٹے کاروباروں کی تعداد 2 لاکھ سے بڑھا کر 7 لاکھ تک کردی جائے گی۔حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان کے چھوٹے درجے کے کاروبار معیشت میں اہمیت کے حامل ہیں لیکن گزشتہ حکومتوں نے اس کی جانب کوئی توجہ نہیں دی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم ہر ہفتے معیشت پر میٹنگ کرتے ہیں،چھوٹے اور درمیانی درجے کے کاروبار، نجی سیکٹر کے مجموعی قرضے کا 7فیصد وصول کرتا ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کامیاب نوجوان اسکیم کے تحت آسان قرض فراہم کیے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:31 لاکھ صنعتکاروں میں سے 43 فیصد افراد ٹیکس نیٹ میں آتے ہیں۔شبر زیدی