اسلام آباد: وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ ایک روز میں 24 ہزار 467 میگا واٹ کی پیداوار ہوئی ہے جس سے گزشتہ سال کا ریکارڈ ٹوٹ گیا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا کہ گزشتہ روز 11 اگست کو 24 ہزار 467 میگا واٹ بجلی پیدا کی گئی جو توانائی کی سب سے زیادہ پیداوار ہے۔
پیغام میں وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا کہ گزشتہ برس 2020 میں 1 روز میں سب سے زیادہ بجلی کی پیداوار 23 ہزار 370 جبکہ 2018 میں پیداوار کا تخمینہ 20 ہزار 811 میگاواٹ رہا۔
وفاقی وزیر حماد اظہر نے کہا کہ گرمی کے موسم میں بجلی کی اوسط طلب اور رسد میں گزشتہ برس کے مقابلے میں اِس سال کم و بیش 20 فیصد کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
Record highest power generated & transmitted yesterday at 24,467 MWs.
For reference; in 2020, peak load registered was 23,370 MW for one day & in 2018 it was just 20,811 MW.
Average power demand & supply during these summer months is approx 20% more vs last year.
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) August 12, 2021
خیال رہے کہ اِس سے قبل پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ ایک روز میں ریکارڈ 23 ہزار 633 میگاواٹ بجلی کی ترسیل کی گئی جس پر وزیرِ توانائی حماد اظہر نے مبارکباد پیش کی۔
پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈیسپچ کمپنی (این ٹی ڈی سی) کے ترسیلی نظام سے 23 ہزار 633 میگاواٹ بجلی کامیابی سے صارفین تک پہنچائی گئی۔
اس حوالے سے جاری کی گئی رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس 10جون 2020ء کو 18 ہزار 392 میگا واٹ بجلی کی ترسیل سب سے بڑا ریکارڈ تھا جو رواں برس جون کے دوران ٹوٹا۔ 23 ہزار 633 میگاواٹ بجلی ایک روز میں صارفین تک پہنچائی گئی۔
مزید پڑھیں: تاریخ میں پہلی بار 23 ہزار میگاواٹ سے زائد ریکارڈ بجلی کی ترسیل