اسلام آباد: وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں پیٹرول اور پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں آج بھی بیشتر ممالک سے کم ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں رات گئے وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن اس کی وجہ عالمی منڈی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔
پیغام میں وزیرِ توانائی حماد اظہر نے کہا کہ پاکستان میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عالمی منڈی کے مقابلے میں کم کیا گیا ہے۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات پر ٹیکس کی شرح بتدریج کم کرتی جارہی ہے۔
وفاقی وزیرِ توانائی حماد اظہر نے مزید کہا کہ آج بھی اکثر ممالک سے پاکستان میں تیل کی قیمت کم ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے آج سے ہی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کرکے مہنگائی کو ہوا دے دی ہے۔
پٹرولیم مصنوعات کی قیمت میں اضافہ ایک مشکل فیصلہ ہے لیکن اس کی وجہ عالمی منڈی کی بڑھتی ہوئی قیمتیں ہیں۔ پاکستان میں اضافہ عالمی منڈی کے مقابلے میں کم کیا گیا ہے۔ حکومت پٹرولیم مصنوعات پہ ٹیکس کی شرح کو بتدریج کم کر رہی ہے۔ آج بھی اکثر ممالک سے پاکستان میں تیل کی قیمت کم ہے۔
— Hammad Azhar (@Hammad_Azhar) September 30, 2021
گزشتہ روز حکومت کی جانب سے ستمبر کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں دوسری بار اضافہ کردیا گیا جس پر اپوزیشن رہنماؤں کا سخت ردِ عمل سامنے آیا۔
ذرائع کے مطابق پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 4 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا۔
ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا اور لائٹ ڈیزل 8 روپے 82 پیسے جبکہ مٹی کا تیل 7 روپے 5 پیسے فی لیٹر مہنگا ہوگیا۔
مزید پڑھیں: عوام کیلئے بری خبر، حکومت نے پيٹرول 4 روپے ليٹر مہنگا کردیا