اسرائیلی ذرائع نے انکشاف کیا ہے کہ صہیونی حکومت نے حماس کی قید میں موجود اپنے شہریوں اور فوجیوں کی رہائی کے بدلے بھاری قیمت کی پیشکش کر دی ہے، جبکہ دوسری طرف مصر اور قطر کی ثالثی میں اسرائیل اور حماس کے درمیان بالواسطہ مذاکرات میں تیزی آئی ہے۔
الجزیرہ کے مطابق حماس اور دیگر فلسطینی دھڑوں کے زیر حراست بڑی تعداد میں موجود اسرائیلی قیدیوں کی رہائی کے لیے بات سنجیدگی سے آگے بڑھنے کی صورت میں تل ابیب نے غزہ کیلئے ایندھن کی فراہمی کا بھی عندیہ دیا ہے، جو حماس کے تین مطالبات میں شامل ہے۔
اربن ڈکشنری میں ناجائز قبضے کے معنی میں اسرائیل لفظ کا اندراج
اسرائیلی نشریاتی ادارے کے مطابق تل ابیب نے مصر اور قطر سے تعلق رکھنے والے ثالثوں کو مطلع کیا ہے کہ وہ اپنے قیدیوں کی رہائی کیلئے مذاکرات پر تیار ہے۔
ذرائع کے مطابق حماس نے بات چیت آگے بڑھانے کیلئے غزہ کو ایندھن کی فراہمی، اسرائیل میں زیر حراست فلسطینی قیدیوں کی رہائی اور جنگ بندی جیسی تین شرائط پیش کی ہیں۔
اگرچہ اسرائیلی حکام بشمول وزیر اعظم نیتن یاہو اور وزیر دفاع غزہ کی پٹی میں زمینی کارروائی کے عزم کا اظہار کر رہے ہیں، تاہم متعدد میڈیا رپورٹس میں غزہ اور اسرائیل کے درمیان ایک معاہدے کے قریب پہنچنے کا اشارہ دیا گیا ہے، جس میں جنگ بندی بھی شامل ہے۔