اپوزیشن لیڈرحلیم عادل شیخ کو رہائی مل گئی، میڈیا سے گفتگو، پیپلز پارٹی پر الزامات کی بارش

موسم

قیمتیں

ٹرانسپورٹ

کراچی: اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ کو قید سے رہائی مل گئی، رہا ہوتے ہی قائدِ حزبِ اختلاف سندھ اسمبلی نے پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت پر الزامات کی بارش کرتے ہوئے کہا کہ مجھے سیاسی انتقام کا نشانہ بنایا گیا اور جھوٹے مقدمات قائم کیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق اپوزیشن لیڈر سندھ اسمبلی حلیم عادل شیخ نے رہائی کے فوراً بعد جناح ہسپتال میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میں اپنے کپتان، گورنر سندھ اور عدلیہ کا شکرگزار ہوں۔ پیپلز پارٹی کی سندھ حکومت نے تو مجھے دہشت گرد بنا دیا تھا۔

اپوزیشن لیڈر حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج مراد علی شاہ بے نقاب ہو گئے، پیپلز پارٹی نے مجھ پر دہشت گردی کے جعلی مقدمات قائم کیے، سندھ کے عوام کے حقوق کی جنگ لڑتا رہوں گا۔ میرے اپوزیشن لیڈر بنتے ہی پی پی پی نے سیاسی انتقام کا نشانہ بنانا شروع کردیا تھا۔

قائدِ حزبِ اختلاف سندھ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھٹو کی نہیں، زرداری کی پارٹی ہے۔ سندھ میں سیاسی مخالفین پر دہشت گردی کے مقدمات بنائے جاتے ہیں۔ سندھ حکومت نے میرا کئی سال کا سفرڈیڑھ ماہ میں مکمل کرادیا ہے۔ ہم اپوزیشن لیڈر آفس میں سیل کھولنے جا رہے ہیں۔

حلیم عادل شیخ نے کہا کہ سندھ میں جہاں زیادتی ہوگی، اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔ رہائی مل گئی، اب پی ٹی آئی ورکرز سے ملاقات کیلئے سنٹرل جیل جاؤں گا جہاں انہیں جعلی مقدمات قائم کرکے بند کیا گیا ہے۔ تحریکِ انصاف مظلوموں کا ساتھ دیتی رہے گی۔ 

مزید پڑھیں: حکومت نے ہر شعبہ تباہ کردیا، پیپلز پارٹی عوام کے ساتھ کھڑی ہے۔بلاول