امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی عام انتخابات میں کراچی سے کلین سوئپ کرے گی، جماعت اسلامی اہل کراچی کی امیدوں کا مرکزبن چکی ہے۔
کراچی کے ساڑھے تین کروڑ عوام نے بلدیاتی انتخابات میں سب سے زیادہ ووٹ دے کر سب سے بڑی جماعت بنایا، کارکنان حق دو کراچی تحریک کو مزید تیزی سے آگے بڑھائیں اور گھر گھر جاکر عوامی رابطے شروع کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ ضلع کورنگی کے تحت الرازی چوک لانڈھی میں عظیم الشان ”جشن آزادی فیسٹول“ سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔
یہ بھی پڑھیں:
طالبان حکومت کی دوسری سالگرہ پر افغانستان بھر میں ”جشن فتح” منایا گیا، دیکھئے تصاویر میں
کراچی میں جماعت اسلامی کے 9 ٹاؤن چیئرمینز اور 87 یوسی چیئرمینز ہیں، ہمیں امید ہے کہ اہل کراچی بلدیاتی انتخابات کی طرح قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں بھی بھرپور ووٹ دے کر کامیاب کروائیں گے جس کے نتیجے میں جماعت اسلامی ہی جیتے گی۔
پاکستان کو کرپٹ اشرافیہ، بیورکریسی اور نااہل سیاست دانوں نے تباہ و برباد کردیا، عوام کرپٹ سیاستدانوں سے نجات حاصل کرنے کے لئے تجدید عہد کریں اور آنے والے قومی و صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں جماعت اسلامی کو بڑی تعداد میں کامیاب کرائیں۔
حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے پاکستان دو قومی نظریہ کی بنیاد پر قائم کیا لیکن بدقسمتی سے ملک پر کرپٹ اشرافیہ قابض ہیں، آئے روز مہنگائی اور بے روزگاری کے باعث پاکستان کے نوجوان ملک چھوڑ کر بیرون ملک روزگار حاصل کرنے کے لئے جارہے ہیں۔
کراچی منی پاکستان ہے، کراچی پورے ملک کی معیشت کو مستحکم کرتا ہے لیکن کرپٹ حکمرانوں کی نااہلی و ناقص کارکردگی کی وجہ سے کراچی کے شہری شدید ذہنی و جسمانی اذیت کا شکار ہوگئے ہیں۔
کراچی کے شہری پانی، بجلی، گیس سمیت دیگر ضروریات زندگی کی اشیاء سے محروم ہوچکے ہیں، صحت اور تعلیم کی سہولیات تک میسر نہیں، شہر میں امن و امان کی صورتحال خراب ہے، ایسی صورتحال میں جماعت اسلامی کراچی کے عوام کو کسی صورت تنہا نہیں چھوڑے گی، ہم کراچی کی نوجوان قیادت کو پڑھائیں اور انہیں روزگار بھی دلوائیں گے۔