اسلام آباد: وزارت مذہبی امور نے سرکاری حج سکیم کا 25 فیصد کوٹہ ڈالرز جمع کرانے والوں کے لئے مختص کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ 22 ہزار 4 سو سے زائد عازمین ڈالرز جمع کرانے پر حج قرعہ اندازی کے بغیرحج کی سعادت حاصل کرسکیں گے۔
حکومت کی جانب سے ڈالرز لانے والوں کو خصوصی رعایت دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے، ڈالر بحران حج پر بھی اثر انداز ہو گیا، ڈالرز لاؤ حج قرعہ اندازی سے مستثنیٰ ہو جاؤ، مجوزہ حج پالیسی 2023ء کے اہم نکات سامنے آگئے۔
ذرائع وزارت مذہبی امور کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ پاکستانی روپے میں حج اخراجات جمع کرانے والے افراد کو قرعہ اندازی میں شامل ہونا ہو گا،سرکاری سکیم کا 25 فیصد کوٹہ سپانسر شپ سکیم کے تحت ڈالر دینے والوں کیلئے مختص ہو گا۔
ذرائع کے مطابق ڈالرز کی قلت کے باعث سرکاری سکیم کا مزید حج کوٹہ پرائیویٹ آپریٹرز کو دیا جا سکتا ہے، سرکاری سکیم کے تحت فی کس حج اخراجات 12 سے 13 لاکھ روپے تک جا پہنچے۔
وزارت مذہبی امور کا کہنا ہے کہ ڈالرز کی قلت کے سبب حکومت نے 40 کے بجائے 50 فیصد حج کوٹہ پرائیویٹ حج آپریٹرز کو دینے کا فیصلہ کیا۔
مزید پڑھیں:زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ، اسٹیٹ بینک نے رپورٹ جاری کردی
حج اخراجات بیرون ملک سے بھیجے گئے ڈالرز سے جمع کرائے جاسکیں گے، وزارت خزانہ نے حج اخراجات کیلئے ڈالرز کے انتظام سے معذرت کر لی تھی۔