وفاقی حکومت نے سرکاری حج اسکیم کے تحت حج 2025 کے لیے درخواستوں کی تاریخ کا باقاعدہ اعلان کر دیا ہے۔
وزارت مذہبی امور کے مطابق درخواستیں 18 نومبر سے دی جاسکیں گی اور عازمین 18 نومبر سے 3 دسمبر تک مخصوص بینکوں میں اپنی درخواستیں جمع کروا سکتے ہیں۔
وہ افراد جن کے پاس پہلے سے پاسپورٹ موجود ہیں، ان کے لیے درخواست جمع کروانے کی آخری تاریخ 6 دسمبر ہوگی۔ ادائیگی کا عمل تین اقساط میں مکمل ہوگا۔ درخواست کے ساتھ ابتدائی رقم 2 لاکھ روپے جمع کروانا ضروری ہوگا۔ قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے درخواست گزاروں کو دوسری قسط میں 4 لاکھ روپے ادا کرنا ہوں گے، جبکہ باقی رقم 10 فروری 2025 تک ادا کرنا ہوگی۔
قربانی کے جانوروں اور ڈبل یا ٹرپل رہائشی کمروں کے آپشنز کے لیے اضافی چارجز لاگو ہوں گے۔ پہلی مرتبہ درخواست دینے والوں کو ترجیح دی جائے گی اور قرعہ اندازی 6 دسمبر کو ہوگی۔ حج کے کل متوقع اخراجات 10 لاکھ 75 ہزار سے 11 لاکھ 75 ہزار روپے تک ہوں گے۔
درخواست دہندگان کو سعودی عرب کے قواعد کے مطابق جسمانی اور ذہنی صحت کے معیارات پر پورا اترنا ضروری ہے، اور 12 فروری 2013 سے پہلے پیدا ہونے والے افراد اہل ہیں۔ میڈیکل سرٹیفکیٹ لازمی ہوگا۔
ویکی پیڈیا نے “غزہ نسل کشی” کو “نسل کشیوں کی فہرست” میں شامل کرلیا
بیرون ملک مقیم پاکستانی وزارت کی ویب سائٹ سے میڈیکل سرٹیفکیٹ فارم ڈاؤن لوڈ کر سکتے ہیں۔ وہ افراد جو ابھی پاسپورٹ کے لیے درخواست دے رہے ہیں، وہ عارضی یا “ٹوکن” درخواست بھی جمع کروا سکتے ہیں۔
علاوہ ازیں اب خواتین بغیر محرم کے سفر کر سکتی ہیں مگر انہیں درخواست فارم میں اپنی خاندانی حیثیت ظاہر کرنا ہوگی۔ پورا درخواست کا عمل اور فیس کی ادائیگی آن لائن دستیاب ہے، جس سے پاکستان بھر میں درخواست گزاروں کے لیے رسائی آسان ہو گئی ہے۔