لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ پاکستان قیامِ امن اور بھارت دہشت گردی کا ساتھ دے رہا ہے۔
اپنے تازہ ترین بیان میں گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا کہ مودی حکومت نے پلوامہ واقعہ اس لیے کروایا تاکہ انتخابات کے دوران بھارتی عوام سے کامیابی سمیٹی جاسکے جبکہ ارنب گوسوامی کی واٹس ایپ گفتگو سے مودی حکومت بے نقاب ہوچکی ہے۔
بیان میں گورنر پنجاب نے کہا کہ معروف بھارتی ٹی وی چینل کے اینکر اور صحافی اراب گوسوامی کی لیک شدہ گفتگو سے مودی حکومت کا فاشسٹ چہرہ کھل کر اقوامِ عالم کے سامنے آگیا جبکہ دنیا بھر میں بھارتی جنگی جنون امن کیلئے خطرہ بنتا جارہا ہے۔
گورنر پنجاب چوہدری سرور نے اقوامِ متحدہ سے پلوامہ واقعے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت کے پالیسیوں سے خطے کے امن کو خطرات لاحق ہیں۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل بھارت کا ایک اور جھوٹ بے نقاب ہوگیا۔ بھارتی صحافی ارنب گوسوامی نہ صرف بالاکوٹ پر حملے بلکہ آرٹیکل 370 کے خاتمے سے بھی آگاہ تھے، ان کی واٹس ایپ چیٹ گزشتہ روز منظر عام پر آگئی۔
بھارتی وزیر اعظم مودی کی حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے قریب سمجھے جانے والے اینکر ارنب گوسوامی کی واٹس ایپ چیٹ نے ایک نیا پنڈورا بکس کھول دیا۔
مزید پڑھیں: مودی کچھ بڑا کریں گے، ارنب گوسوامی کی واٹس ایپ چیٹ سامنے آگئی